Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حجاج کے لیے سمارٹ بسوں کا منصوبہ

سفر کے دوران بس کی سلامتی اور حادثات سے بچانے کے لئے خود کار سسٹم ہوگا
آئندہ سال حجاج کے لیے سمارٹ بسیں چلائی جائیں گی جو ان کو مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور حج کے دیگر مقامات پر لے جایا کریں گی۔
 مکہ مکرمہ ڈیولپمینٹ اتھارٹی کے مطابق منصوبے کا آغاز 400 سمارٹ بسوں سے کیا جائے گا۔
بسوں میں حجاج کی نقل وحرکت نیز ڈرائیور کی کارکردگی کا آن لائن جائزہ لینا بھی ممکن ہوگا۔
عکاظ اخبار کے مطابق ڈیولپمینٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ آئندہ 5 سالوں میں بسوں کی تعداد 2000 تک کردی جائے گی۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سمارٹ بسوں کا آغاز حج کے آئندہ منصوبے میں شامل ہے۔ یہ منصوبہ جاپان کے تعاون سے شروع کیا جا رہا ہے۔ 

ہائی وے پر بس کی رفتار اور ٹریک کی نگرانی ہوگی، مسافروں کے لئے وائی فائی ہوگا

حجاج کو فراہم کی جانے والی تمام خدمات کو آن لائن بنانے کے لیے اتھارٹی جاپانی کمپنیوں کے علاوہ سپین کی مختلف کمپنیوں کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے۔ یہ جامع منصوبہ ہے جس کے تحت حجاج کو ای سروس دی جائے گی۔
اتھارٹی نے کہا ہے کہ اسمارٹ بسوں کی نگرانی ’جی پی ایس‘ سسٹم سے کی جائے گی۔ بسوں میں سلامتی کے تمام ضوابط کا انتہائی حد تک خیال رکھا گیا ہے۔ سفر کے دوران بس کو حادثات سے بچانے کے لیے خود کار سسٹم نصب ہوگا۔ ہائی وے پر بس کی رفتار اور مخصوص ٹریک کی بھی نگرانی ہوگی۔ سمارٹ بس میں مسافروں کے لیے وائی فائی کی بھی سہولت ہوگی۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ سالوں میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان سفر کے دوران حجاج کی بسوں کے متعدد جان لیوا حادثات ہوچکے ہیں۔ محکمہ ٹریفک کی تفتیش کے مطابق ان حادثات کی بنیادی وجہ ڈرائیور پر نیند کا غلبہ تھا۔ سمارٹ بس میں ڈرائیور کی مستعدی اور ہوشیاری کے علاوہ مسافروں کی سلامتی کے ضوابط کا خیال رکھا گیا ہے۔
 

شیئر: