Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرمین شریفین میں 25ویں شب کے روح پرور اجتماعات

 حرمین شریفین میں رمضان المبارک کی 25ویں شب میں لاکھوں مسلمانوں نے نمازِ تروایح، قیام اللیل اور وتر کی دعا میں شرکت کی۔
سعودی خبررساں ادارے (ایس پی اے) کے مطابق ادارہ حرمین کی جانب سے رمضان المبارک کی (بڑی رات) 25ویں شب کے حوالے سے بہترین انتظامات کیے تھے۔
مسجد الحرام میں انتظامیہ نے زائرین کی بڑی تعداد کو منظم رکھنے کے لیے اضافی عملہ تعینات کیا۔ مسجد الحرام کے بیرونی صحنوں میں نماز کے لیے مختلف مقامات مخصوص کیے گئے تاکہ زائرین راہداریوں پر نہ بیٹھیں۔
مسجد الحرام کے اندرونی صحن بھر جانے کی نشاندہی کے لیے سمارٹ سکرینز پر پیغامات خودکار طریقے سے جاری ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
مسجد الحرام کے اندر اور بیرونی صحنوں میں صفائی کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے تھے جس کے لیے اضافی کارکنوں کو تعینات کیا گیا جبکہ معمر اور معذور افراد کے لیے مسجد الحرام میں داخل ہونے والے مخصوص راستوں پر اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔

 زائرین کی آمد ورفت کو منظم رکھنے کے لیے اضافی عملہ متعین کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)

دوسری جانب مدینہ منورہ میں مسجد نبوی الشریف میں بھی اندرون و بیرون مملکت سے آنے والے لاکھوں زائرین نے 25ویں شب میں قیام اللیل کی نماز اور وتر کی دعا میں شرکت کی۔
مسجد نبوی کی انتظامیہ کی جانب سے زائرین کی آمد ورفت کو منظم بنانے کے لیے راہداریوں پر سکاؤٹس اور معاون عملے کو متعین کیا گیا تھا۔

شیئر: