Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ حج ٹرمینل کی چھت گر گئی

جدہ ایئرپورٹ کے حج ٹرمینل کی چھت جزوی طور پر گر گئی تاہم واقعہ میں کوئی جانی نقصان  نہیں ہوا۔ چھت گرنے کے وقت اتفاقی طور پر وہاں کوئی حاجی موجود نہیں تھا۔
محکمہ شہری ہوا بازی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کنگ عبد العزیز انٹر نیشنل ایئرپورٹ کے حج ٹرمینل کے تجارتی علاقہ کی چھت گر گئی ہے۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے ٹرمینل کے تجارتی علاقے کے مخصوص حصے کی چھت گری ہے۔
واقعہ کے وقت تجارتی علاقہ میں کوئی حاجی نہیں تھا اس لیے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
متعلقہ حکام نے واقعہ کی تفتیش کے لیے کمیٹی مقرر کردی ہے۔
محکمہ شہری ہوا بازی نے کہا ہے کہ محدود حادثے کی وجہ سے جہازوں کی آمد و رفت متاثر نہیں ہوئی۔ حجاج کی روانگی معمول کے مطابق جاری ہے۔

چھت گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور پروازیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔

دریں اثناء سوشل میڈیا صارفین نے چھت گرنے کی ویڈیو شیئر کی جس پر متعدد تبصرے کیے گئے۔
صارفین نے جہاں واقعہ کی وجہ سے کسی جانی نقصان نہ ہونے پر اللہ کا شکر ادا کیا ہے وہاں ٹھیکیدار اور ایئرپورٹ کی دیکھ بھال کے ذمہ دار اداروں سے سوال بھی کیا۔
صارفین نے اس خدشے کا ضرور اظہار کیا کہ اگر چھت گرتے وقت چند سو حجاج بھی موجود ہوتے تو کتنا نقصان ہوسکتا تھا، اور اس چھوٹے سے واقعہ کی وجہ سے بہترین حج موسم داغدار ہوسکتا تھا۔ 
 

واقعہ کے وقت تجارتی علاقہ میں کوئی حاجی نہیں تھا

صارفین نے محکمہ شہری ہوا بازی سے مطالبہ کیا کہ وہ واقعہ کی تفتیش کرنے کے بعد تعمیراتی اوردیکھ بھال کے ذمہ دار اداروں کا کڑا احتساب کرے۔
رواں سال حج موسم انتہائی شاندار طریقے سے ختم ہونے والا ہے جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ 

شیئر: