Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عکاظ میلہ: ’ہماری بڑی حوصلہ افزائی ہوئی‘

امسال عکاظ میلے میں گھڑ سوار خواتین نے شرکت کر کے اسلامی تاریخ کے پہلے دور کی یاد تازہ کر دی ۔ اسلامی دور کی مشہور گھڑ سوار خاتون خولہ بنت الازور کی تاریخ ذہنوں میں گھوم گئی۔ وہ نہ صرف یہ کہ گھڑ سوار تھیں بلکہ شعر و شاعری میں بھی نام پیدا کئے ہوئے تھیں۔
سعودی ریسرچ اینڈ پبلشنگ کمپنی سے شائع ہونیوالے ہفت وار میگزین سیدتی کے مطابق گھڑ سوار خواتین کا پروگرام بیحد پسند کیا گیا ۔20ہزار مربع میٹر کے رقبے پر گھڑ دوڑ ہوئی تھی جس میں 30گھڑ سوار مرد اور 4 خواتین شریک ہوئیں۔
گھڑ سوار خواتین نے سیدتی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے بڑی پذیرائی کی ۔ سب نے ہماری حوصلہ افزائی کی ۔اس قدر تعریف و تحسین ہمیں ملے گی یہ تو ہم نے سوچا تک نہ تھا۔

گھڑ سوار خواتین نے شرکت کر کے اسلامی تاریخ کے پہلے دور کی یاد تازہ کر دی

سما حسین نے کہا کہ ’اس پروگرام کے انتظام پر میں الجعید سینٹر کی شکر گزار ہوں ، ہمیں عکاظ میلے  میں مرد حضرات کے شانہ بشانہ گھڑ سواری کا موقع دیا گیا۔
سما حسین بتاتی ہیں کہ ’سما الخیل گھڑ سواری ٹیم ‘ مملکت میں گھڑ سوار خواتین کی پہلی ٹیم ہے ۔انہیں پہلی بار ہی عکاظ میلے میں الجعید گھڑ سواری سینٹر کی نگرانی میں شرکت کا موقع دیا گیا۔
سما الخیل ٹیم 2برس پہلے قائم ہوئی تھی ۔البتہ گھڑ سوار خواتین تقریباً9برس سے یہ شوق کر رہی تھیں۔بعض 4،5برس سے اس میدان میں  تھیں ۔ کئی قومی تقریبات میں ہم حصہ لے چکی ہیں ۔محکمہ تفریحات نے سعودی نیشنل ڈے کے پروگرام میں ہمیں گھڑ سواری کا موقع دیا۔گورنر مکہ مکرمہ کے سامنے بھی ہم نے گھڑ سواری کا شو پیش کیا ۔ انہوں نے ہمیں اعزاز سے نوازا ۔ گزشتہ دو سالوں کے دوران کئی مواقع پر ہماری ٹیم اپنے جوہر دکھا چکی ہے ۔

’سما الخیل گھڑ سواری ٹیم ‘ مملکت میں گھڑ سوار خواتین کی پہلی ٹیم ہے

ندیٰ القحطانی نے بھی عکاظ میلے میں گھڑ سواری کا مظاہرہ کیا ۔کہتی ہیں کہ میں 8برس سے یہ شوق کر رہی ہوں ۔ عکاظ میلے کے شائقین کا ردِ عمل نہایت عمدہ تھا۔ہمارے حوصلے بلند ہو گئے۔
تیسری گھڑ سوار خاتون کا تعلق القصیم سے ہے ۔مشاعل الھویش نے بتایا کہ وہ عکاظ میلے میں ’سماالخیل ٹیم کے ساتھ شریک ہوئیں۔ تجربہ بیحد شاندار رہا۔میری آرزو ہے کہ مستقبل میں زیادہ بڑے پروگرام میں شرکت کروں ۔ ہمارے خاندان میں لڑکیاں گھڑ سواری کی دلدادہ ہیں۔عکاظ میلے کے شائقین نے ناقابل فراموش انداز میں ہماری حوصلہ افزائی کی ۔

شیئر: