Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ’شہری علاقوں پر حوثیوں کے حملے علاقائی امن کے لیے خطرہ‘

غیر مشروط اور فوری طور پر سعودی عرب پر حملے روکے جائیں ۔
 اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے سعودی عرب کی شہری آبادی کو مسلسل نشانہ بنائے جانے پر حوثی باغیوں کو سختی سے کہا ہے کہ غیر مشروط اور فوری طور پر سعودی عرب پر کئے جانے والے حملے روکے جائیں ۔
سلامتی کونسل کے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’ حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کی شہری آبادی والے علاقوں پرمیزائل حملے خطے کے امن کے لئے خطرناک ہیں ۔ حملوں سے معصوم شہریوں کی جان و مال کو شدید نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس لئے ان حملوں کو فوری طور پر بند کیاجانا لازمی ہے‘ ۔
 بیان میں مزید کہا گیا کہ’ خطے کے دیر پا امن کےلئے لازمی ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے پیش کئے جانے والے سیاسی حل پر غور کیا جائے تاکہ شہری آبادی کو ہونے والی تباہی سے محفوظ رکھا جاسکے‘۔
سعودی اخبار عکاظ نے سلامتی کونسل کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ سلامتی کونسل نے زور دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ’حوثیوں کے حملوں سے شہریوں کی جانوں اور املاک کو شدید نقصانات کا سامنا ہے بلکہ اس سے خطے کا امن بھی تہہ و بالا ہونے کا اندیشہ ہے‘۔

اقوام متحدہ کے  خصوصی ایلچی برائے یمن  کے ساتھ ہر طرح کا تعاون جاری رکھا جائے گا

 اس امر کی یقین دہانی کرائی گئی کہ سلامتی کونسل اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی ایلچی برائے یمن کی بھر پور تائید کرتی ہے ۔ان کے ساتھ ہر طرح کا تعاون جاری رکھا جائے گا تاکہ خطے میں دیر پا امن قائم کیاجاسکے اور شہری محفوظ رہیں ۔ کونسل نے خصوصی ایلچی کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہتے ہوئے انہیں مسئلے کے حل کےلئے مفید قرار دیا۔
 بیان میں کہا گیا کہ ’ سلامتی کونسل اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے‘۔
 یمن کے شہرعدن ، صنعاء، صعدہ اور شبوة کے علاوہ دیگر شہروں میں ہونے والے حملوں میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکت اور انکے زخمی ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مسئلے کے دیر پا حل کےلئے ہنگامی بنیادوں پر بین الاقوامی انسانی قوانین کی روشنی میں کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیاجس میں معصوم انسانوں کی جانوں کے ضیاع کو روکنا اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا شامل ہے ۔ 

شیئر: