Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محفوظ آن لائن بینکنگ،احتیاطی تدابیر کیا ہیں؟

آن لائن بینک سروسز استعمال کرنے والے اپنے پاس ورڈ تبدیل کرتے رہیں ۔
سعودی بینکنگ کونسل نے انٹر نیٹ کے ذریعے بینکنگ کو مزید محفوظ بنانے کے لیے ہدایات جاری کی ہیں۔
صارفین کے تحفظ کےلئے جاری ہدایات میں کہا گیا ’آن لائن بینک سروسز استعمال کرنے والے اپنے پاس ورڈ تبدیل کرتے رہیں۔ اے ٹی ایم استعمال کرتے وقت اس امر کو ملحو ظ رکھیں کہ مشین پر کوئی غیر معمولی آلہ تو نصب نہیں۔ اگر اے ٹی ایم پر غیر معمولی چیز دیکھیں تو فوری طور پر اسکے بارے میں اطلاع دیں۔‘
 سعودی بینکنگ کونسل کی جانب سے کہا گیا کہ ایسے افراد جو آن لائن بینکنگ خدمات سے استفادہ کرتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ اپنا پاس ورڈ ایسا بنائیں جسے کریک کرنا آسان نہ ہو۔ محفوظ پاس ورڈ کے لئے کیپٹل اور اسمال حروف کے ساتھ خصوصی علامات بھی استعمال کی جائیں۔ بہتر ہے کہ پاس ورڈ کو ذہن میں محفوظ رکھیں یا ایسی جگہ درج کریں جو غیر افراد کی دسترس سے دور ہو۔ 

عوامی مقامات پر موجود وائی فائی کے ذریعے  بینک کا آکاﺅنٹ کبھی نہ کھولیں۔

جاری ہدایات کے مطابق پاس ورڈ کو وقتاً فوقتاً تبدیل کرتے رہیں تاکہ آپ کا اکاﺅنٹ محفوظ رہے۔ عوامی مقامات پر موجود وائی فائی کے ذریعے اپنے بینک کا آکاﺅنٹ کبھی نہ کھولیں۔ اپنے لیپ ٹاپ یا اسمارٹ فون میں اینٹی وائرس سافٹ ویئر کا استعمال کرتے ہوئے اسے اپ ٹوڈیٹ رکھیں۔
اے ٹی ایم کے استعمال کے حوالے سے کونسل نے ہدایت کی ’اگر کسی بھی ایے ٹی ایم پر غیر معمولی چیز لگی ہوئی دکھائی دے تو اس مشین کے استعمال سے اجتناب کرتے ہوئے اس کے بارے میں فوری طور پر اطلاع فراہم کریں۔‘
 ’اے ٹی ایم سے رقم وصول کرنے کے بعد رسید کو لاپرواہی سے نہ پھینکیں تاکہ کوئی بھی غیر متعلقہ شخص آپ کے اکاﺅنٹ کی تفصیلات حاصل نہ کر سکے۔‘
واضح رہے دنیا بھر میں انٹرنیٹ ہیکرز ہزاروں افراد کو نقصان پہنچا چکے ہیں ۔ ہیکرز کا نیٹ ورک مختلف ممالک میں کام کر رہا ہے جو مختلف کالنگ ایپ کے ذریعے بینک صارفین کو پیغامات ارسال کرتے ہیں جن میں وہ بینک اکاﺅنٹ کی تفصیلات حاصل کر کے اکاﺅنٹ میں موجود رقم اپنے پاس منتقل کر لیتے ہیں۔
 ان ہیکرز نے سعودی عرب میں رہنے والوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
سعودی بینکنگ کونسل کے ترجمان طلعت حافظ نے اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا بھر میں رونما ہونے والے واقعات کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ سعودی عرب میں بینکنگ دیگر ممالک کے مقابلے میں کافی محفوظ ہے تاہم صارفین کو چاہئے کہ وہ کونسل کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں ۔

شیئر: