Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کا امریکی قونصل خانہ 65 برس بعد نئی عمارت میں منتقل

جدہ میں قائم امریکی قونصل خانہ الحمراء محلے کی شارع فلسطین سے 65 برس بعد جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیر پورٹ کے قریب نئے علاقے محمدیہ میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق نئے مقام پر منتقل ہونے کے بعد امریکی قونصل خانہ سعودی عرب میں 23 ستمبر یوم الوطنی کی عام تعطیل کے بعد 24 ستمبر سے باقاعدہ کام شروع کر دے گا۔ 

 قونصل خانہ کے اردگرد بہت سی عمارتیں بن جانے کے باعث آمدورفت میں مسائل کا سامنا تھا(فوٹو ۔عرب نیوز)

امریکہ اور سعودی عرب کے سفارتی تعلقات 1948ء میں قائم ہوئے تھے۔ اس وقت امریکہ نے اپنا پہلا سفارتی مشن یہاں بھیجا تو اس وقت جدہ کے قدیم محلے البلد کے مکان میں سفارتی مشن نے اپنا پڑاو ڈالا۔
بعدازاں 1952ء میں جدہ کے خوبصورت علاقے الحمرا میں امریکہ کا قونصل خانہ قائم کیا گیا جو وسیع رقبے پر پھیلا ہوا تھا۔ وقت کے ساتھ ساتھ جدہ شہر کی آبادی میں اضافہ کے سبب قونصل خانہ کے اردگرد بہت سی عمارتیں بن جانے کے باعث آمدورفت میں مسائل کا سامنا تھا جس کے پیش نظر امریکی قونصلیٹ جنرل کا دفتر جدہ ائیر پورٹ کے قریب نئے علاقے محمدیہ میں واقع ایک کمپاونڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں نئے امریکی سکول کی عمارت بھی موجود ہے۔
نئے قونصل خانے میں 24ستمبر سے ویزا خدمات کے علاوہ امریکی شہریوں کیلئے قونصل خدمات مہیا کی جائیں گی۔

شیئر: