حائل: شہری زندگی سے دور، وادیوں اور پہاڑیوں کے درمیان کھلے مقامات پر افطاری
حائل ریجن کے رہائشی ہر سال ماہِ رمضان المبارک میں شہری زندگی سے دور، وادیوں اور پہاڑیوں کے درمیان کھلے مقامات پر افطار کے لیے دیہی علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔
ایس پی اہے کے مطابق ریجن میں پہاڑی وادیوں سے گھرے پُر فضا مقامات کی کمی نہیں، جہاں مختلف خاندان اور دوست افطار کا باقاعدگی سے اہتمام کرتے ہیں۔
حائل کے رہائشی پُر فضا مقامات پر افطار کے لیے مغرب سے پہلے پہنچ جاتے ہیں تاکہ اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے گروپس کے لیے بہترین مقام منتخب کر سکیں۔
یہ ایک ایسی روایت ہے جو خاندانوں کو ان کے ماحول سے جوڑتی ہے اور مقامی رسوم و رواج کو پروان چڑھاتی ہے۔
ان دنوں ماہ صیام میں موسم خوشگوار ہوتا ہے، اور افطار کے دسترخوان پر سرد موسم میں کوئلوں پر چڑھی سعودی قہوے کی کیتلیوں سے اٹھتی خوشبو سے ماحول اور بھی خوشگوار ہو جاتا ہے۔
سعودی قہوے کی خاص بات اسے روایتی برتنوں میں تیار کرنا ہے اور اس میں الائچی اور زعفران ڈالا جاتا ہے جو مہمان نوازی اور ثقافتی ورثے کی علامت ہے۔

بعض لوگ افطار دسترخوان کا خصوصی اہتمام کرتے ہیں جس کے لیے باقاعدہ خیمے بھی لگائے جاتے ہیں۔
مختلف قسم کے علاقائی و روایتی پکوانوں کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے جن میں لقمیات (سموسہ) کبسہ (چاول) یخنی اور دیگر بہت کچھ ہوتا ہے جو خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہوتے ہوئے تناول کیا جاتا ہے۔
