Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منفرد مبارکباد، کنگڈم ٹاور کی خلا سے تصویر

خلیفہ سیٹ اماراتی انجینئروں کا تیار کردہ پہلا اماراتی سیٹلائٹ ہے۔
 متحدہ عرب امارات کے مصنوعی سیارے ’خلیفہ سیٹ‘ نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر ریاض کے کنگڈم ٹاور کی خلا سے تصویر اتار کر سعودی عوام کو منفرد طریقے سے قومی دن کی مبارکباد دی ہے۔
یہ تصویر کثیر الجہتی زایوں سے لی گئی ہے اور ریزولیشن 70 سینٹی میٹر ہے۔
مصنوعی سیارے کے ذریعے بھیجی جانے والی کنگڈم ٹاور کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
اس سے قبل’ خلیفہ سیٹ‘ نے اسلامی سال کے آغاز پر یکم محرم الحرام کو مسجد نبوی کی تصویر لی تھی ۔
عید الاضحی کے پہلے دن مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کی تصویر بھی مصنوعی سیٹلائیٹ سے لی گئی تھی۔
 یاد رہے خلیفہ سیٹ پہلا اماراتی سیٹلائٹ ہے جو مکمل طور پراماراتی انجینئروں کا تیار کردہ ہے۔

اس سے قبل ’خلیفہ سیٹ‘ سے مسجد نبوی اور مسجد الحرام کی تصویریں بھی لی جا چکی ہیں۔ فوٹو نیشنل جیوگرافک

سیٹلائٹ کو اماراتی نوجوانوں نے دبئی کے ’محمد بن راشد‘ سینٹر برائے فضائی علوم میں غیرملکی ماہرین کی مدد کے بغیر تیار کیا ہے۔
اماراتی مصنوعی سیارے سے بھیجی جانے والی تصاویرکے حوالے سے لوگوں کا کہنا ہے کہ تصویر دیکھ کر یہ گمان کرنا مشکل ہے کہ تصویر کسی منصوعی سیارے سے بنائی گئی ہے۔ بعض لوگوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ تصویر مصنوعی سیارے سے نہیں بلکہ انتہائی حساس ڈرون کیمرے سے بنائی گئی ہے۔ 
ماہرین کے مطابق مصنوعی سیارے سے اس سے بھی صاف اورعمدہ تصاویر لینا ممکن ہے۔ سیارے میں جو کیمرے نصب کیے جاتے ہیں ان کے لینز اس قدر حساس ہوتے ہیں کہ وہ ہزاروں میل دور سے بھی انتہائی عمدہ تصویر بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
خلیفہ سیٹ ایسی تصاویر فراہم کرتا ہے جو خلائی امیج میں اعلیٰ ترین بین الاقوامی معیار پر پورا اترتی ہیں۔
اماراتی میڈیا کے مطابق ’خلیفہ سیٹ‘ متحدہ عرب امارات کا پہلا مصنوعی سیارہ ہے جسے اماراتی ماہرین نے مکمل طور پر شیخ محمد بن راشد خلائی مرکز میں تیار کیا۔

’خلیفہ سیٹ ‘کی تیاری کا  مقصد اعلی کوالٹی کی تصاویر حاصل کرنا ہے۔  فوٹو نیشنل جیوگرافک

خلیفہ سیٹ کو 29 اکتوبر 2018 میں دبئی کے شیخ محمد بن راشد خلائی مرکز سے خلا میں بھیجا گیا تھا۔ اماراتی جریدے البیان کے مطابق ’خلیفہ سیٹ ‘کی تیاری کا بنیاد مقصد فضا سے اعلیٰ کوالٹی کی تصاویر حاصل کرنا اور انہیں دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔ 
سیارے میں نصب ٹیلی سکوپک لینز کیمرے اس قدر حساس ہیں کہ وہ میلوں دور سے اپنے ہدف کی انتہائی باریکی سے عکاسی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ سیارے سے اتاری جانے والی تصاویراسی وقت گراﺅنڈ کنٹرول ٹاور کو ارسال کر دی جاتی ہیں۔
تصاویر کو اصلی حالت میں کنٹرول روم تک پہنچانے کے لیے سافٹ ویئر ڈیزائن کیا گیا ہے تا کہ تصاویر کی گرافکس متاثر نہ ہوں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: