Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں ای سگریٹ کے استعمال سے 26 افراد ہلاک

حکام ای سگریٹ کے استعمال سے ہونے والی اموات کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں (فوٹو:اےا یف پی)
امریکہ میں محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ای سگریٹ کے استعمال سے صحتیاب ہوئے وہ مریض جن کو ہسپتال سے خارج کیا گیا تھا، دوبارہ سے ان کو ہسپتال میں داخل ہونا پڑا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکہ میں الیکٹرانک سگریٹ کے استعمال سے 26 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 1300 افراد پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا ہوئے ہیں۔
امریکی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق الیکٹرانک سگریٹ کے استعمال سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے یہ اموات گذشتہ مارچ سے لے کر اب تک ہوئی ہے۔
یہ ابھی تک واضح نہیں کہ اس بیماری کے پیچھے کیا عوامل ہیں تاہم  محکمہ صحت کے حکام الیکٹرانک سگریٹ کے استعمال سے ہونے والی اموات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ای سگریٹ کے استعمال سے پھیپھڑوں کے اس مرض کو ’ایوالی‘ کا نام دیا گیا ہے۔
17 برس کا ایک نوجوان اس ہفتے ای سگریٹ کے استعمال سے ہلاک ہوا ہے۔
سینٹر فار ڈیزیس کنٹرول اینڈ پریونشن کے حکام نے کہا ہے’ ہم ایسے لوگوں سے باخبر ہیں جو علاج کے لیے دوبارہ سے ہسپتالوں میں داخل ہوئے ہیں، ہمیں اس بیماری کو بہتر طور پر سمجھنے کی ضرورت ہے۔‘
 

اگست میں ای سگریٹ کے استعمال سے امریکہ میں پہلے شخص کی موت ہوئی تھی (فوٹو:اے ایف پی)

سینٹر فار ڈیزیس کنٹرول اینڈ پریونشن کے مطابق یہ 26 اموات اکیس ریاستوں میں ہوئی ہیں جس کی وجہ الیکٹرانک سگریٹ بتائی گئی ہے۔
1043 مریضوں پر مشتمل ایک گروپ پر تحقیق سے یہ معلوم ہوا ہے کہ 70 فیصد مرد الیکٹرانک سگریٹ کا استعمال کرتے ہیں جن میں 80 فیصد کی عمریں 35 سال سے کم تھیں۔
الیکٹرانک سگریٹ  کے حوالے سے گذشتہ ماہ شمالی کیرولینا کے معالجین کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس کے استعمال سے دھوئیں میں موجود چربی والے ذرات پھیپھڑوں کو متاثر کرتے ہیں۔ 
الیکٹرانک سگریٹ 2006 سے امریکہ میں دستیاب ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ پھیپھڑوں کی بیماریاں ای سگریٹ کے استعمال سے پیدا ہو رہی ہیں یا پہلے بھی اس قسم کے کیسز موجود تھے جن کی تشخیص نہ ہو سکی تھی۔

حالیہ برسوں میں نوجوانوں میں ای سگریٹ کی مقبولیت بڑھی ہے (فوٹو:اے ایف پی)

امریکہ کے نوجوانوں میں ای سگریٹ کا استعمال زیادہ ہے، 2019 کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ ایک مہینے میں سکول جانے والے ایک چوتھائی نوجوانوں نے الیکٹرانک سگریٹ کا استعمال کیا۔
سگریٹ نوشی کے متبادل کے طور پر ای سگریٹ کے استعمال کو اب تک کم نقصان دہ سمجھا جا رہا تھا۔
سگریٹ کی طرح ای سگریٹ میں 7000 نقصان دہ کیمکل نہیں ہوتے جن میں درجن بھر کو کینسر کی وجہ سمجھا جاتا ہے۔  
ابھی تک امریکہ سے باہر پھیپھڑوں کے زخمی ہونے کا ایک کیس سامنے آیا ہے جو الیکٹرانک سگریٹ سے پیدا ہونے والی بیماریوں کو مزید پراسرار بنا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق گذشتہ اگست امریکہ میں ای سگریٹ کے استعمال سے پہلا شخص ہلاک ہوا تھا۔

شیئر: