Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مزید آسانیاں، اب سعودی ویزہ 49 ممالک تک محدود نہیں

ویزوں کا اجرا دنیا بھر کی سیاحتی کمپنیوں کے لیے اہم خبر ہے۔ فائل فوٹو ایس پی اے
سعودی عرب جس نے حال ہی میں دنیا کے 49 ممالک کو اپنے ملک میں آنے اور سیرو سیاحت کے لیے سیاحتی ویزے کا آغاز کیا تھا اس میں مزید نرمی کر دی ہے۔ اس طرح اب سعودی سیاحتی ویزہ صرف 49 ممالک تک محدود نہیں رہا۔
اخبار 24، تواصل اور عکاظ کے مطابق سعودی کمیشن برائے سیاحت اور قومی ورثہ (ایس سی ٹی ایچ) نے سیاحتی ویزے کے لیے اضافی سہولت دیتے ہوئے کہا ہے کہ دوسرے ممالک کے شہری جو امریکہ، برطانیہ یا شینگن ویزہ رکھتے ہیں وہ سعودی سیاحتی ویزہ حاصل کر سکتے ہیں۔
ویزے کے حصول کے لیے سیاحوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ممالک کے سعودی قونصلیٹ یا سفارتخانوں کے علاوہ ایئرپورٹ پر بھی ویزہ حاصل کر سکتے ہیں۔
سعودی عرب نے گذشتہ ماہ سیاحتی ویزے دینا شروع کر دیے تھے جس کے تحت سیاحوں کی آمد شروع ہوچکی ہے اور اب تک کثیر تعداد میں سیاح مملکت پہنچ چکے ہیں۔

 سیاحتی ویزوں کی بدولت روزگار کے 10 لاکھ نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ فائل فوٹو ایس پی اے

سعودی کمیشن برائے سیاحت و قومی ورثہ نے 27 ستمبر عالمی یوم سیاحت کے دن ان ویزوں کے اجراء کا اعلان کیا تھا۔ اعلان کے مطابق سیاحتی ویزہ ایک سال کے لیے متعدد مرتبہ داخلے کی بنیاد پر جاری کیا جائے گا جس میں سیاحوں کو سعودی عرب میں 90 دن گزارنے کی اجازت ہوگی۔
سعودی سیاحتی ویزے کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس کے ذریعے عمرے کی ادائیگی بھی کی جاسکتی ہے جبکہ اس ویزے پر کام کرنا منع ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سیاحتی ویزوں سے سعودی عرب میں روزگار کے 10 لاکھ نئے مواقع پیدا ہوں گے اور 2030ء تک 100 ملین سیاحوں کی آمد منصوبے کا حصہ ہے۔
سیاحتی ویزے کا اجرا ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 کا ایک حصہ ہے جس کے تحت تیل کے سوا آمدنی کے دیگر ذرائع تلاش کرنا ہے۔
سعودی گزٹ کے مطابق ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل (ڈبلیو ٹی ٹی سی) کے عہدیدار جیرالڈ لالیس نے کہا ہے کہ سیاحتی ویزوں کے اجرا سے سعودی عرب کی جی ڈی پی میں تین سے چار فیصد اضافہ ہوگا کیونکہ عالمی سیاحت پانچ فیصد سالانہ کے حساب سے بڑھ رہی ہے۔
ٹرپل فائیو گروپ کے عہدیدار کرسٹوس مارفاٹسوس نے کہا ہے کہ سعودی سیاحتی ویزے کا اعلان دنیا بھر کی سیاحتی کمپنیوں کے لیے اس وقت سب سے اہم خبر ہے۔
               

شیئر: