الباحہ کے فارمز: قدرتی مناظر، معتدل موسم اور دیہی ماحول کے لیے مشہور
الباحہ ریجن میں سیاحتی فارمز موسم سرما کے دوران سب سے مقبول مقامات میں سے ایک ہیں جو اندرون مملکت اور باہر سے آنے والے سیاحوں کے لیے باعث کشش ہیں۔
یہاں کے شاندار قدرتی مناظر، معتدل موسم اور حقیقی دیہی زندگی سیاحت کا منفرد تجربہ پیش کرتے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق الباحہ ریجن میں فارمز کئی علاقوں میں پھیلے ہوئے ہیں، سبزہ زار اور پہاڑوں میں گھرا یہ علاقہ یہاں آنے والوں کو اپنے سحر میں گرفتار کر لیتا ہے۔
موسم سرما کے دوران گہرے بادل اور دھند سے ماحول میں ایک منفرد جمالیاتی پہلو شامل ہو جاتا ہے۔
یہاں موجود سیاحتی فارمز وزیٹرز کے لیے مختلف پیکیج پیش کرتے ہیں جن میں ونٹر اوپن ایئر سیٹنگز، کیمپنگ، تفریحی ایونٹ، زرعی سرگرمیاں، بچوں کے لیے پلے لینڈ اور بہت کچھ شامل ہے۔

الباحہ کے سیاحتی فارمز خطے کی سیاحتی سہولتوں کو متنوع بناتے ہیں۔ قدرتی ماحول کے تحفظ اورعلاقے کے دیہی تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
یہاں سیاحت کے علاوہ زرعی شعبوں میں بھی تیز رفتار ترقی دیکھنے میں آئی ہے۔ مملکت کا یہ منفرد سیاحتی مقام پائیدار ترقی کی ایک مثال ہے۔
