Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یونیسکو نے سعودی عرب میں مکالمہ و امن مر کز قائم کردیا

علاقائی مکالمہ مرکز شاہ عبدالعزیز قومی مکالمہ مرکز کی زیر نگرانی کام کرے گا، فوٹو: روئٹرز
 یونیسکو نے سعودی عرب میں علاقائی مکالمہ و امن مرکزقائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ شاہ عبدالعزیز قومی مکالمہ مرکز کی نگرانی میں کام کرے گا۔
 سبق ویب سائٹ کے مطابق شاہ عبدالعزیزقومی مکالمہ مرکز کے سربراہ ڈاکٹر عبدالعزیز السبیل نے اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد آل شیخ نے اس حوالے سے کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے مئی میں یونیسکو کے وفد سے ملاقات کرکے مکالمہ مرکز کے قیام کی اہمیت اجاگر کی تھی۔

شاہ عبدالعزیز قومی مکالمہ مرکز غیر سرکاری قومی ادارہ ہے، فائل فوٹو 

ڈاکٹر عبدالعزیز نے یہ بھی بتایا کہ قومی کمیٹی برائے تربیت، ثقافت و سائنس نے ایک رپورٹ تیار کی تھی جبکہ سعودی عرب میں یونیسکو کے مشن نے مکالمہ مرکز کے قیام کی تائید و حمایت کی تھی۔
 یونیسکو میں متعین سعودی سفیر ڈاکٹر ابراہیم البلوی نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ سعودی عرب میں مکالمہ مرکز کے قیام کا فیصلہ اتفاق آرا سے ہوا ۔ اس سے عالمی برادری میں سعودی عرب کی اہمیت اور قدر و قیمت کا پتا چلتا ہے۔
 ’سعودی عرب عالمی امن اورمکالمے کے فروغ کے لیے طویل عرصے سے ملکی علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر زبردست مہم چلائے ہوئے ہے۔ یونیسکو نے مکالمہ مرکز کے قیام کا فیصلہ کر کے سعودی کو ششوں کو سراہا ہے‘۔
یاد رہے کہ شاہ عبدالعزیز قومی مکالمہ مرکز غیر سرکاری قومی ادارہ ہے۔ اس کا صدر دفتر ریاض میں ہے۔ اس کا قیام 2004 میں عمل میں آیا تھا۔ شاہ فہد بن عبدالعزیز نے اس کے قیام کا فیصلہ کیا تھا۔
یہ معاشرے میں مکالمہ کلچر کو رواج دے رہا ہے۔ اس کی کوشش ہے کہ سعودی شہریو ں کا مزاج مکالمہ دوست ہو جائے۔ 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: