Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گاڑیوں کے انشورنس پریمیم میں رعایت

مملکت میں ٹریفک قوانین میں تھرڈ پارٹی انشورنس کرانا لازمی ہے۔ فوٹو ساما
سعودی مانیٹرنگ اتھارٹی ( ساما) نے گاڑیوں کی انشورنس کے پریمیم میں رعایت حاصل کرنے کے لیے اہم نکات کی تفصیلات جاری کر دی ہے۔
اس ضمن میں سعودی عرب میں رجسٹرڈ انشورنس کمپنیوں کو بھی سرکلر جاری کر دیا گیا ۔
تھرڈ پارٹی یا مکمل انشورنس کرانے والے مقررہ رعایت جو 15 سے 30 فیصد تک ہوسکتی ہے سے مستفیض ہوسکتے ہیں ۔عربی روزنامے عکاظ نے ’ساما‘ کے حوالے سے لکھا ہے کہ گاڑیوں کی انشورنس کرانے والے کی عمر اہم نکتہ ہے جو پریمیم میں کمی کا باعث ہو گا۔
دیگر نکات میں ڈرائیور کا سابقہ ریکارڈ،  گاڑی کا ماڈل،  پارٹس کی مارکیٹ ویلیو کے علاوہ گاڑی کا میک بھی مد نظر رکھا جائے گا ۔ 

 ریکارڈ حادثات سے خالی ہونے کی صور ت میں پریمیم میں 15 فیصد رعایت دی جائے گی ۔

ساما کی جانب سے جاری نکات کی تفصیلات کے مطابق ڈرائیور کا سابقہ ریکارڈ حادثات سے خالی ہونے کی صور ت میں ایک برس کے پریمیم میں 15 فیصد رعایت دی جائے گی ۔
اگر مسلسل تین برس تک کوئی حادثہ نہ ہوا تو ایسے ڈرائیور کو انشورنس کے پریمیم میں رعایت کی حد 30 فیصد تک کر دی جائے گی ۔
ساما کی جانب سے انشورنس کمپنیوں کو کہا گیا ہے کہ مذکورہ رعایت مکمل انشورنس سکیم پر بھی دی جاسکتی ہے ۔
سکیم میں مزید کہاگیا ہے کہ  ’25 برس سے کم عمر ڈرائیورں کے لیے انشورنس کا پریمیم زیادہ ہو گا جس کا بنیادی سبب تیز رفتاری اور دوران ڈرائیونگ احتیاط نہ کرنا ہوتا ہے جس کی وجہ سے حادثات کا اندیشہ بڑھ جاتا ہے۔‘
تاہم ایسے ڈرائیور جن کی عمر 25 برس سے کم ہے مگر انکا سابقہ ریکارڈ بہتر ہے تو ان کے لیے انشورنس کا پریمیم ان سے کم ہو گا جن کا سابقہ ریکارڈ میں حادثات درج ہوں گے ۔
ایسے افراد جنہوں نے نیا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا ہے ان کے لیے بھی انشورنس کا پریمیم ایسے افراد سے زیادہ ہو گا جو پرانے ڈرائیور ہیں۔
انشورنس پریمیم کی مد میں سعودی مانیٹرنگ اتھارٹی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ’انشورنس کرانے والا اگر بیرون ملک کے لیے بھی اپنی گاڑی کو انشورڈ کرانا چاہتا ہے تو یہ کمپنی کو حق ہے کہ وہ اضافی پریمیم حاصل کرے۔‘
واضح رہے مملکت میں ٹریفک قوانین میں تھرڈ پارٹی انشورنس کرانا لازمی ہے۔ انشورنس نہ کرانے پر چالان بھی کیاجاتا ہے جبکہ حادثے کی صورت میں غلطی ہونے پر اس وقت تک لاک اپ میں رہنا پڑتا ہے جب تک ٹریفک پولیس کے مخصوص شعبے کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق نقصان کی رقم ادا نہ کر دی جائے۔ 

25 برس سے کم عمر ڈرائیورں کے لیے انشورنس کا پریمیم زیادہ ہو گا.فوٹو ۔ تواصل 

 تھرڈ پارٹی انشورنس گاڑیوں کے میک اور ماڈل کے مطابق کیے جاتے ہیں ۔ قبل ازیں تھر ڈ پارٹی انشورنس کے لیے پریمیم 365 ریال مقرر کیا گیا تھا جسے بعدازاں انشورنس کمپنیوں کی درخواست پر بڑھا کر اسے ہر گاڑی اور ڈرائیور کے سابقہ ریکاڈ کے مطابق کیا گیا ہے۔ 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: