Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آرامکو کے شیئر کیسے خریدیں؟

حصص خریدنے کے لیے مقررہ بینکوں میں سے کسی ایک میں اکاﺅنٹ ہونا چاہیے۔ فوٹو عاجل
سعودی آرامکو کے حصص سے متعلق دلچسپی رکھنے والے افراد نے کئی سوال کیے ہیں جن میں سے اہم سوالوں کے جواب آرامکو نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کر دیے ہیں۔
 ایک اہم سوال یہ ہے کہ آرامکو کے حصص کمپنی فروخت کررہی ہے یا حکومت؟ کمپنی کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت حصص فروخت کر رہی ہے۔ حصص کا اندراج سعودی عرب کی شیئر مارکیٹ (تداول) میں ہوگا۔
کمپنی کے مطاببق حصص کی تفصیلات جاری ہوں گی اورخریدار حضرات انھیں دیکھ کر اپنے بینک سے رابطہ کریں۔ کمپنی اپنی ویب سائٹ پر ان بینکوں کی فہرست جاری کرے گی جن کے توسط سے حصص حاصل کیے جاسکیں گے۔
حصص خریدنے کے لیے کہاں درخواست دی جائے؟ اس کے جواب میں آرامکو نے واضح کیا کہ اس کے لیے خریدار اپنے بینک پر انحصار کریں۔
کمپنی نے اس سوال کا جوبا دیتے ہوئے کہا ہے کہ ”بینک کی متعلقہ شاخ وزٹ کریں یا ٹیلیفون یا ای بینک سروس کی مدد سے رابطہ کریں یا اے ٹی ایم کا سہارا لیں یا بینکوں کی جانب سے حصص فروخت کرنے والے چینلز کا رخ کریں۔‘ آرامکو نے حصص خریدنے میں دلچسپی رکھنے والوں سے کہا ہے کہ ان کے ذہن میں جو بھی سوال آئے اپنے بینک سے رابطہ کرکے اس کا جواب حاصل کریں۔

حصص کی قیمت کی حد کا اعلان آئندہ ہفتوں میں ہوگا۔ فوٹو: سبق

 ایک سوال یہ کیا گیا کہ اگر آرامکو کی جانب سے جاری کردہ بینکوں کی فہرست میں اس بینک کا نام شامل نہ ہو جس میں دلچسپی رکھنے والے افراد کا اکاﺅنٹ ہے تو ایسی صورت میں کیا کیا جائے؟
آرامکو کا کہنا ہے کہ کمپنی کی ویب سائٹ سے جن بینکوں کی فہرست جاری ہوگی صرف انہی کے ذریعے حصص خریدے جاسکیں گے۔ 
یہ بھی استفسار کیا جارہا ہے کہ کون لوگ حصص خرید سکتے ہیں؟ حکام کا کہنا ہے کہ سعودی شہری، جی سی سی ممالک کے شہری اور سعودی عرب میں مقیم بعض غیر ملکی حصص خریدنے کے مجاز ہوں گے۔ یہ کام بینک اکاﺅنٹ یا کسی متعلقہ بینک میں انویسٹمنٹ سکیم کے ذریعے کیا جاسکے گا۔ حصص خریدنے کے لیے درخواست فارم تمام متعلقہ بینکوں میں مہیا ہوں گے۔
حصص خریدنے کے لیے کم از کم رقم کتنی درکار ہوگی۔ اس کا اعلان بعد میں کیا جائے گا؟ یہ بھی بتایا جائے گا کہ حصص کے خریداروں میں کن شرائط کا ہونا ضروری ہے۔
 مزید معلومات ipo.saudiaramco.com اور متعلقہ بینکوں کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہیں۔
یہ بھی معلوم کیا جا رہا ہے کہ حصص میں زیادہ سے زیادہ کتنی رقم لگائی جاسکتی ہے؟ ۔آرامکو ویب سائٹ کے مطابق اس کی کوئی انتہائی حد مقرر نہیں۔ آئندہ ہفتوں کے دوران شیئرز کی قیمت متعین ہوگی۔ 

حصص کی قیمت کی حد کا اعلان آئندہ ہفتوں میں ہوگا۔ فوٹو: سبق

 ایک سوال یہ بھی ہے کہ شیئرخریدنے کی کارروائی کس طرح انجام پائے گی؟۔ جواب میں کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کے لیے سب سے پہلے حصص سے متعلق تمام معلومات کا اچھی طرح مطالعہ کرنا ہوگا۔
 معلومات کمپنی کی ویب سائٹ پر مہیا ہوں گی۔شیئر خریدنے کے لیے درخواست دینے کا فیصلہ کرنے پر کسی ایک مقررہ بینک سے رابطہ کرنا ہوگا۔ درخواست دینے پر بتایا جائے گا کہ آپ کے لیے کتنے حصص مقرر کیے گئے ہیں اور انکی قیمت کتنی بنتی ہے۔
مفت حصص کی کیا پالیسی ہوگی؟
 جو سعودی 180دن تک بلا تعطل اپنے حصص برقرار رکھیں گے انہیں ہر 10حصص پر ایک شیئر مفت دیا جائے گا۔ اسکا حساب شیئر خریدنے وقت کے تناظر میں ہوگا۔100 تک مفت حصص دیئے جائیں گے۔ فیملی کا سربراہ حصص خرید سکتا ہے اور وہ لوگ بھی جن کے پاس مختار نامہ ہو۔
حصص خریدنے کے لیے 5 مراحل

تداول میں حصص کا اعلان ہوتے ہی آرامکو کے نرخ دیکھے جاسکیں گے۔ فوٹو عاجل

 مقررہ بینکوں میں سے کسی ایک میں اکاﺅنٹ ہونا چاہئے۔ مالی مشیر کے تعاون سے حصص کی تعداد اور رقم لگانے کا فیصلہ، حصص کی قیمت کی حد کا اعلان آئندہ ہفتوں میں ہوگا۔
درخواست میں مطلوبہ حصص کا فیصلہ ہونے پر فاضل رقم بغیر کسی کٹوتی کے واپس کردی جائے گی۔تداول میں حصص کا اعلان ہوتے ہی سعودی آرامکو کے حصص کے نرخ دیکھے جاسکیں گے۔
حصص خریدنے ، نہ خریدنے اور رقم متعین کرنا آپ کا اپنا کام ہے۔ آپ اپنے حالات کے مطابق اس کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔
                        

شیئر: