صدر ٹرمپ نے کینیڈین وزیراعظم کو ’بورڈ آف پیس‘ میں شامل ہونے کی دعوت واپس لے لی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کے وزیرِ اعظم مارک کارنی کو اپنے حال ہی میں قائم کردہ ’بورڈ آف پیس‘ میں شامل ہونے کی دعوت واپس لے لی۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ ’براہِ کرم اس خط کو اس بات کی نمائندگی کے طور پر قبول کریں کہ بورڈ آف پیس کینیڈا کی شمولیت کے حوالے سے آپ کو دی گئی دعوت واپس لے رہا ہے۔‘
مارک کارنی نے اس ہفتے عالمی توجہ اس وقت حاصل کی جب انہوں نے امریکی قیادت میں قائم عالمی نظام میں ایک ’دراڑ‘ کی بات کی۔
ان کی حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ عالمی تنازعات کے خاتمے کے لیے ٹرمپ کے خود ساختہ ادارے میں شامل ہونے کے لیے کوئی رقم ادا نہیں کرے گی۔
کینیڈا کے وزیرِ اعظم مارک کارنی نے جمعرات کے روز صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس اشتعال انگیز دعوے کا سخت جواب دیا جو انہوں نے ورلڈ اکنامک فورم میں کیا تھا، کہ ’کینیڈا امریکہ کی وجہ سے زندہ ہے‘۔
کیوبیک سٹی میں نئی قانون ساز نشست سے قبل قوم سے خطاب کرتے ہوئے مارک کارنی نے کہا کہ ’کینیڈا امریکہ کی وجہ سے زندہ نہیں ہے۔ کینیڈا ترقی کرتا ہے کیونکہ ہم کینیڈین ہیں۔‘
اگرچہ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ’غیر معمولی شراکت داری‘ کو تسلیم بھی کیا۔
کارنی کے یہ ریمارکس ان کی اس تقریر کے بعد سامنے آئے جو انہوں نے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈاووس میں سیاسی اور مالی اشرافیہ کے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کی تھی، جہاں امریکی قیادت میں قائم قواعد پر مبنی عالمی نظام میں ایک ’دراڑ‘ کی ان کی واضح تشخیص پر انہیں کھڑے ہو کر داد دی گئی۔
منگل کے روز کی گئی اس تقریر نے عالمی سطح پر سرخیاں بنائیں اور اسے وسیع پیمانے پر بین الاقوامی امور میں ٹرمپ کے خلل ڈالنے والے کردار کی طرف اشارہ سمجھا گیا، اگرچہ ان کا نام براہِ راست نہیں لیا گیا۔
مارک کارنی نے ڈیووس میں کہا تھا کہ کینیڈا جیسے درمیانی طاقت کے حامل ممالک، جو ’امریکی بالادستی‘کے دور میں خوشحال ہوئے، انہیں یہ سمجھنا ہوگا کہ ایک نئی حقیقت جنم لے چکی ہے، اور یہ کہ محض ’اطاعت‘ انہیں بڑی طاقتوں کی جارحیت سے محفوظ نہیں رکھ سکے گی۔
ٹرمپ نے اس پر برہمی کا اظہار کیا اور اگلے روز اپنی تقریر میں کارنی پر طنز کیا۔
بدھ کے روز امریکی صدر نے کہا کہ ’میں نے کل آپ کے وزیرِ اعظم کو دیکھا۔ وہ زیادہ شکر گزار نظر نہیں آئے۔ کینیڈا امریکہ کی وجہ سے زندہ ہے۔ یہ بات یاد رکھنا، مارک، اگلی بار جب تم بیان دو۔‘
