Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سب سے بڑا تیل بردار جہاز ینبع بندرگاہ پر

جہاز کی لمبائی 228 میٹر اور چوڑائی 37 میٹرہے۔ فوٹو:میرین ٹریفک ڈاٹ کام
سعودی عرب کے ساحلی شہر ینبع کی کنگ فہد بندرگاہ پر دنیا کا سب سے بڑا تیل اور کیمیکل بردار بحری جہاز لنگر انداز ہوا ہے۔ اس جہاز کی لمبائی 228 میٹر اور چوڑائی 37 میٹر ہے جبکہ جہاز کے آئل ٹینکرمیں 81336  ٹن تیل یا دیگر کیمیکل بھرنے کی گنجائش موجود ہے۔
2013  میں تیار کردہ اس آئل ٹینکر جہاز کا نام این سی سی فجر ہے۔
سعودی عرب کا یہ بحری جہاز این سی سی فجر ینبع بندرگاہ کی تاریخ میں اب تک لنگر انداز ہونے والے بحری جہازوں میں سب سے بڑا جہاز ہے۔

ینبع بندرگاہ پرجہازوں کے رکنے کے لیے 18میٹر گہرے پلیٹ فارم موجود ہیں۔ فوٹو:میرین ٹریفک ڈاٹ کام

سعودی عرب کی نیشنل کیمیکل کیرئیر کمپنی کا یہ جہاز این سی سی فجر بحیرہ عرب کی جانب سعودی عرب کی بڑی بندرگاہ دمام سے منسلک ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ینبع میں قائم کنگ فہد بندرگاہ بحیرہ احمر میں اپنی استعداد اور اہمیت کے حوالے سے دنیا کی چند اہم بندرگاہوں میں اپنا مقام رکھتی ہے جہاں مختلف حجم کے بحری جہاز لنگر انداز ہونے کی گنجائش موجودہے۔ ینبع بندرگاہ پر جہازوں کے رکنے کے لیے 18 میٹر گہرے پلیٹ فارم موجود ہیں۔
سعودی ویژن 2030 کے مطابق سعودی عرب کی بندرگاہوں کو عالمی تجارت کے لیے لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنا بھی شامل ہے اس کے تحت ینبع بندرگاہ بھی سمندری تجارت اور صنعتی شعبے میں اپنا نام بنا چکی ہے۔

2013 میں تیار کردہ اس آئل ٹینکر جہاز کا نام این سی سی فجر ہے۔ فوٹو:میرین ٹریفک ڈاٹ کام

ینبع بندرگاہ جغرافیائی محل و وقوع کی وجہ سے بڑی اہمیت کی حامل ہے۔
یہ بندرگاہ امریکہ اور یورپ کو سمندری راستے سے تجارتی سرگرمیوں کے لیے نہر سویز کے راستے شمال کی طرف جوڑتی ہے جبکہ باب المندب کے ذریعے جنوب کی جانب مشرق بعید کے ممالک کی جانب سمندری راہداری فراہم کرتی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: