Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 جرمانے سے بچنے کے لیے نیا فارمولا متعارف

کمپنیاں جرمانے سے بچنے کے لیے وزارت کے ساتھ معاہدہ کرسکتی ہیں۔فائل فوٹو
وزارت محنت و سماجی بہبود نے ایسی نجی کمپنیوں اور اداروں کو جو سعودائزیشن کی مقررہ شرح پوری نہ کرنے کی وجہ سے قانونی مشکلات سے دوچار ہیں۔ قانونی مشکل سے نکلنے کے لیے فارمولا جاری کردیا ہے۔
مقامی اخبار نیوز 24 کے مطابق وزارت محنت نے سعودائزیشن کی مقررہ شرح پوری نہ کرنے والی کمپنیوں سے کہا ہے کہ وہ جرمانے سے بچنے کے لیے وزارت کے ساتھ معاہدہ کرسکتی ہیں۔

 سعودی ملازمین کو ایک برس سے پہلے نکالا نہیں جا سکتا۔ فائل فوٹو

 معاہدے کے تحت متعلقہ کمپنی کو سعودائزیشن کی مقررہ شرح سے زیادہ سعودی ملازم رکھنے ہوں گے ایسا کرنے پر اسے جرمانوں سے نجات مل جائے گی۔ یہ معاہدہ وزارت اور متعلقہ کمپنی یا ادارے کے درمیان ہوگا۔ فریقین اس پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔
 وزارت محنت نے اس پیشکش سے استفادے کی شرط یہ رکھی ہے کہ متعلقہ ادارے یا کمپنی کا مالک سزا پر عمل درآمد کی تاریخ سے 30 روز کے اندر آن لائن سروس گیٹ پر تنازع ختم کرنے کی درخواست کرے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ نجی ادارہ یا کمپنی یا تو لو گرین کے دائرے میں ہو یا مڈل گرین کے دائرے میں ہو یا ہائی گرین کے دائرے میں ہو یا پلاٹینیم کے زمرے میں ہو۔

معاہدے کے تحت کمپنی کو سعودائزیشن کی شرح سے زیادہ سعودی ملازم رکھنے ہوں گے۔ فائل فوٹو

وزارت محنت نے یہ شرط بھی رکھی ہے کہ جرمانوں سے نجات حاصل کرنے کا امیدوار ادارہ سعودی ملازم سزا پر عمل درآمد کی تاریخ کے بعد رکھے گا۔
 اس کا مطلب یہ ہے کہ وہی سعودی ملازم معاہدے کے تحت آئیں گے جنہیں ادارے پر پابندی کے بعد رکھا گیا ہوگا۔ شرط یہ بھی ہے کہ متعلقہ کمپنی معاہدے کی درخواست دینے سے قبل نئے سعودی ملازمین کا سوشل انشورنس میں اندراج بھی کرالے۔ ایک شرط یہ بھی ہے کہ سعودی ملازم کی کم از کم تنخواہ چار ہزار ریال ہو۔
وزارت کے مطابق جو نجی ادارہ بھی اس پیشکش سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہو اسے اس امر کی پابندی بھی کرنا ہوگی کہ وہ مقررہ حد سے زیادہ رکھے جانے والے سعودی ملازمین کو ایک برس سے پہلے نکال نہیں سکتا۔
 اگر کسی ملازم کو قانونی وجوہ کی بنا پر برطرف کیا جارہا ہو تو ایسی صورت میں وارننگ لیٹر جاری کرنے کے 30 دن کے اندر اندر اس کی جگہ نیا ملازم رکھنا ہوگا۔
وزار ت محنت نے یہ بات بھی واضح کردی کہ وزارت سے تنازع طے کرانے کی تاریخ سے قبل سعودی ملازمین کی تعداد مقررہ حد سے کم ہو یا سعودیوں کی تعداد غیر ملکیوں کی تعداد کے مساوی ہو۔ ریکارڈ پر لائے جانے والے ملازمین کو صرف ایک معاہدے ہی میں استعمال کیا جاسکے گا۔ ایک سے زیادہ میں نہیں۔
 
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: