عالمی اعزاز: العلا 2025 کا بہترین ثقافتی سیاحتی منصوبہ قرار
سعودی عرب کے تاریخی مقام العلا کو رواں برس کے ورلڈ ٹریول ایوارڈز میں 2025 کے دنیا کے بہترین ثقافتی سیاحتی منصوبے کا اعزاز دیا گیا ہے۔
ثقافت، ورثے اور دریافت کے ایک عالمی مرکز کے طور پر اس کی حیثیت مزید مضبوط ہو گئی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق العلا نے رواں برس کے سالانہ ایوارڈز میں سب سے بڑا اور اہم اعزاز جیت لیا۔ یہ ایوارڈ سیاحت کی صنعت میں سب سے معتبر سمجھا جاتا ہے۔
العلا کو یہ اعزاز اس لیے ملا کیونکہ اسے بین الاقوامی ماہرین، اعلٰی حکام، سپیشل ٹریول بائیرز، بڑے ٹوئر آپریٹرز اور معتبر ٹریول ایجنٹس کی طرف سے سب سے زیادہ ووٹ ملے۔
ورلڈ ٹریول ایوارڈز 1993 میں قائم کیے گئے تھے۔ یہ ایوارڈز سفر، سیاحت اور مہمان نوازی کی صنعتوں میں بہترین کارکردگی کا اعتراف کرتے ہیں اور دنیا بھر میں سب سے بڑے اعزاز سمجھے جاتے ہیں۔

ان ایوارڈز میں کئی اہم اور سخت مقابلے والی کیٹیگریز شامل ہوتی ہیں، جیسے بہترین ہوٹل، بہترین ایئرلائن، بہترین سفری تجربہ اور دیگر۔
العُلا کو یہ نیا اعزاز اس کے بعد ملا ہے جب حال ہی میں ورلڈ ٹریول ایوارڈز کے علاقائی مقابلے میں اسے مشرقِ وسطیٰ کا بہترین لیڈنگ پروجیکٹ 2025 مشرقِ وسطیٰ کی بہترین فیسٹیول اور ایونٹ ڈیسٹنیشن 2025 اور سعودی عرب کا بہترین لیڈنگ کلچرل ٹوئرازم پروجیکٹ 2025 قرار دیا گیا تھا۔

العُلا ایک ایسی جگہ ہے جہاں صحرا کے حسین مناظر میں قدیم تاریخی مقامات موجود ہیں۔ ان میں حجرا شامل ہے، جو سعودی عرب کی پہلی یونیسکو ورلڈ ہیریٹیج سائٹ ہے، اور جہاں نبطی تہذیب کی شاندار اور اچھی حالت میں محفوظ شدہ قبریں موجود ہیں۔
العُلا کی تاریخ دو لاکھ سال پر محیط انسانی کہانی اور سات ہزار سال کی تہذیب رکھتی ہے۔ العُلا کی رائل کمیشن کی دلچسپ تقریبات اور سرگرمیوں کے ذریعے اس کا ماضی ایک مرتبہ پھر زندہ ہو جاتا ہے۔
