Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تجارتی اداروں کو دی گئی مہلت ختم، کریک ڈاؤن شروع

مقصد مارکیٹ کی طلب کے مطابق مثبت مقابلے کے رجحان کو ابھارنا ہے۔ فوٹو: مزمز نیوز
وزارت محنت نے ایسے تجارتی اداروں کے خلاف کریک ڈائون شروع کر دیا ہے جو لائسنس کی شرائط کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
وزارت کی جانب سے دی گئی اصلاحی مہلت ختم ہونے کے بعد تادیبی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا۔
وزارت محنت کے ترجمان خالد اباالخیل کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق ایسے تجارتی اداروں کو ایک ماہ کی مہلت دی گئی تھی جہاں جاری کیے جانے والے لائسنس کے مطابق کام نہیں کیا جاتا تھا۔

تجارتی اداروں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اپنے معاملات کو جاری لائسنس کے مطابق بنائیں۔ فوٹو:  الریاض

خلاف ورزی کے مرتکب اداروں کی انتظامیہ کو تحریری طور پرمطلع کر دیا گیا تھا کہ ایک ماہ کے اندر لائسنس کو درست کروائیں بصورت دیگر انکے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’قانون کے مطابق خلاف ورزی کے مرتکب اداروں کے سسٹم بلاک کر دیے جائیں گے جس کے بعد انکے تمام سرکاری معاملات بھی سیز ہو جائیں گے۔‘ مکہ اخبار کے مطابق وزارت محنت و سماجی بہبود آبادی کی جانب سے مملکت میں قائم تمام تجارتی اداروں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اپنے تجارتی معاملات کو جاری لائسنس کے مطابق بنائیں۔
وزارت  محنت و سماجی بہبود آبادی کا کہنا ہے کہ ایسے ادارے جن کے لائسنس انکے تجارتی معاملات سے مطابقت نہیں رکھتے انہیں یا تو ختم کیا جائے یا جاری شدہ لائسنس میں ترمیم کرائی جائے۔
وزارت محنت و سماجی بہبود آبادی کے ترجمان خالد اباالخیل کا کہنا تھا کہ ’یہ ممکن نہیں کہ جس تجارتی سرگرمی کے لیے لائسنس جاری کیا گیا ہو اس کے برعکس کام کیاجائے۔‘

لائسنس  کے مطابق کام نہ کرنا خلاف قانون شمار ہوتا ہے۔ فوٹو: الریاض

 اس ضمن میں وزارت محنت کی جانب سے سروے کے بعد ایسے تمام اداروں کو ہدایات جاری کی تھی کہ وہ اپنے معاملات کو درست شکل دیں تاکہ کسی قسم کی مشکلات میں مبتلا نہ ہوں۔
دوسری جانب وزارت تجارت و صنعت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مملکت میں تجارتی معاملات کو بہتربنانے اورمارکیٹ کو منظم کرنے کے لیے وزارت محنت و دیگر اداروں پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی ہے تاکہ منظم طور پر تجارتی معاملات کو مکمل کیاجائے۔
مقامی قوانین کے مطابق تجارتی سرگرمیوں کے لیے جو لائسنس جاری کیا جاتا ہے اس کے مطابق کام نہ کرنا خلاف قانون شمار ہوتا ہے اور ایسے اداروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جاتی ہے۔ 
تجارتی معاملات کو بہتر بنانے کا بنیادی مقصد مارکیٹ کی طلب کے مطابق مثبت مقابلے کے رجحان کو ابھارنا اور مارکیٹ کو بہتر ماحول مہیا کرنا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: