طائف میں دھند اور گہرے بادل، موسم سرما میں سحر انگیز ماحول
مملکت میں موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی پہاڑی علاقوں کا حسن نکھر جاتا ہے، اس وقت مزید چار چاند لگ جاتے ہیں جب صبح سویرے پہاڑی چوٹیاں دھند میں لپٹ جاتی ہیں۔
مکہ ریجن کا علاقہ طائف ان مشہور مقامات میں سے ایک ہے جہاں سردیوں کے دوران فطری حسن دوبالا ہو جاتا ہے۔
حد نگاہ تک پھیلی دھند اور کہر کی چادر میں لپٹے پہاڑ ساحرانہ منظر پیش کرتے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق جغرافیہ اور ماحولیات کے ماہر محمد المسعود کا کہنا ہے’ طائف ان چند نادر شہروں میں سے ایک ہے جہاں موسم سرما کے دوران ماحول سحر انگیز ہو جاتا ہے۔‘

الھدا اور الشفا کی چوٹیوں کے علاوہ وادی ذی غزال اور وادی خماس میں بارش کی ہلکی پھوار اور فضا میں چھائے ہوئے گہرے بادل علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ کردیتے ہیں جو فطرت کے نظاروں کے شوقین افراد کے لیے ناقابل فراموش مناظر ہوتے ہیں۔
ماحولیات کے ماہر کا مزید کہنا تھا’ موسم سرما میں فطرت کے شوقین وزیٹرز اور فوٹو گرافروں کے لیے خاص اہمیت حاصل کرجاتا ہے۔‘
’سیاح یہاں کی خوبصورت فضا سے لطف اندوز ہوتے اور ان دلکش مناظر کو اپنے کیمرے میں محفوظ کرتے ہیں خاص کر جب گھنے بادل ان بلند و بالا پہاڑی چوٹیوں کو اپنی آغوش میں لے لیتے ہیں۔‘
