Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پارکوں میں معذوروں کے لیے مختص بنچیں استعمال نہ کریں‘

معذوروں کے لیے مختص سہولتیں استعمال کرنے پر 200 ریال جرمانے کی سزا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
وزارت بلدیات ودیہی امور نے خبردار کیا ہے کہ پبلک مقامات اور پارکوں میں معذوروں اور بزرگوں کے لیے بنچیں مخصوص ہیں۔ ان کے لیے مختلف سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ کوئی اور انہیں استعمال کرنے یا ان سے فائدہ اٹھانے کا مجاز نہیں ہے۔
اخبار 24 نے وزارت بلدیات کے حوالے سے بتایا کہ معذوروں اور بزرگوں کے لیے مخصوص بنچوں پر بیٹھنا یا ان کے لیے مقرر سہولتوں میں دخل اندازی کرنا قابل سزا عمل ہے۔ اس پر 200 ریال جرمانے کی سزا ہے۔ اگر خلاف ورزی دوبارہ کی گئی تو ایسی صورت میں جرمانہ ڈبل کرکے 400 ریال وصول کیا جائے گا۔

مختلف علاقوں میں معذروں کے لیے پارکنگ بھی مختص ہے (فوٹو: اسی پی اے)

وزارت بلدیات و دیہی امور نے اس سے قبل ذرائع ابلاغ کی مدد سے آگہی مہم چلا چکی ہے کہ سعودی عرب کی روایات و اقدار کا پاس کیا جائے۔
سعودی معاشرہ اور اسلام ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ بزرگوں کی عزت کی جائے۔ انہیں خود پر ترجیح دی جائے۔ معذوروں کی معذوری کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں دی جانے والی سہولتیں عام لوگ استعمال نہ کریں۔ ایسا کرنا اخلاق عامہ اور عوامی ذوق کے سراسر خلاف ہے۔
 واضح رہے کہ سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں معذروں کے لیے پارکنگ بھی مختص ہے۔ معذوروں کے لیے مخصوص پارکنگ میں گاڑی پارک کرنے پر جرمانے کیے جاتے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: