Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوران پرواز سعودی خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش

عملے نے خاتون کو جہاز کے عقبی حصہ میں منتقل کیا۔ (فوٹو: الوطن)
ایک سعودی خاتون نے دوران پرواز بچے کو جنم دیا ہے۔ خوش قسمتی سے جہاز پر اس وقت ایک لیڈی ڈاکٹر اور نرس بھی موجود تھیں جن کی وجہ سے زچگی میں کسی قسم کی پیچیدگی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
الوطن اخبار کے مطابق السعودیہ ایئر کی پرواز 1228 ایس وی سعودی عرب کی شمالی کمشنری عرعر سے ریاض کے لیے روانہ ہوئی۔
فلائٹ کی روانگی سے قبل جہاز کے عملے اور گراؤنڈ کنٹرول کو اس امر کی اطلاع نہیں تھی کہ فلائٹ پر مسافروں میں ایک حاملہ خاتون بھی سفر کر رہی ہیں جن کے ہاں کسی بھی وقت بچے کی پیدائش ہو سکتی ہے۔

  ’اس بات کی خوشی ہے کہ میں دو زندگیوں کو بچانے کا سبب بنی‘  (فوٹو: الوطن) 

فلائٹ اپنے وقت مقررہ پر روانہ ہوئی، ابھی جہاز کو ہوا میں سفر کرتے ہوئے ایک گھنٹہ ہی ہوا تھا کہ عملے کو اطلاع دی گئی کہ ایک مسافر خاتون کو زچگی کی تکلیف ہو رہی ہے۔
جہاز کا عملہ اس اطلاع سے سخت پریشان ہو گیا کیونکہ فلائٹ پر ایسا کوئی انتظام نہیں تھا جس کے تحت زچگی کے معاملے کو نمٹایا جاسکے۔ کیپٹن نے مسافروں سے درخواست کی کہ اگر کوئی لیڈی ڈاکٹر یا طبی عملہ فلائٹ پر موجود ہو تو وہ عملے سے رجوع کرے۔
کیپٹن کا اعلان سنتے ہی جہاز میں موجود ایک لیڈی ڈاکٹر نے فوری طور پر اپنی خدمات مہیا کر دیں۔ جہاز کے عملے نے خاتون کو جہاز کے عقبی حصے میں منتقل کیا جہاں لیڈی ڈاکٹر اور نرس کی معاونت سے خاتون نے صحت مند بچے کو جنم دیا۔
جہاز کے کپتان نے اسی دوران ریاض ایئر پورٹ پر رابطہ کر کے بچے کی پیدائش کی اطلاع دیتے ہوئے رن وے پر ایمبولنس کو طلب کر لیا تاکہ زچہ و بچہ کی مزید طبی نگہداشت کا عمل مکمل کیا جا سکے۔
فلائٹ پربچے کی ڈیلیوری کرانے والی لیڈی ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ ’جب کیپٹن کی اپیل سنی تو مجھے خوشی ہوئی کہ میں فلائٹ پر ہوں۔ بچے کی ولادت کے وقت میری خوشی میں اضافہ ہو گیا کہ میں ایک نہیں دو زندگیوں کو بچانے کا سبب بن گئی۔‘

شیئر: