Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 سعودی تیل پیداوار میں یومیہ چار لاکھ بیرل کمی

مملکت نے یہ فیصلہ رضاکارانہ طور پر کیا ہے۔فوٹو: اے پی
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کے مطابق سعودی عرب تیل پیداوار میں کمی کے نئے کوٹے کے تحت اپنے طور پر یومیہ 4 لاکھ بیرل تیل کم نکالے گا۔ مملکت نے یہ فیصلہ رضاکارانہ طور پر کیا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کا نیا کوٹہ 9.744 ملین بیرل یومیہ کا ہے۔
 ویانا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی وزیر توانائی نے کہا ’ رضاکارانہ طور پر تیل پیداوار میں کمی کا فیصلہ تیل نکالنے والے ممالک کے ساتھ مزید تعاون اور تیل منڈی میں استحکا م پیدا کرنے کے حوالے سے اپنی ذمہ داری زیادہ بہتر شکل میں انجام دینے کے جذبے سے کیا ہے‘۔

سعودی عرب کا نیا کوٹہ 9.744 ملین بیرل یومیہ کا ہے۔فوٹو: اے پی

الاقتصادیہ کے مطابق شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اوپیک پلس کا تعاون برقرار رہے گا۔ 
شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے واضح کیا’ اوپیک پلس میں شامل ممالک نے پیداوار میں ممکنہ حد تک کمی کا فیصلہ تیل مارکیٹ کے وسیع تر مفاد میں کیا ہے۔ اس سے تیل پیدا کرنے والے ممالک کے اہداف پورے ہوںگے‘۔
 ’یہ فیصلہ تیل پیداوار کے حقیقی اعدادوشمار کو سامنے رکھ کر کیا گیا ہے‘۔

اوپیک پلس‘ نے تیل  پیداوار میں یومیہ مزید پانچ لاکھ بیرل کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ فوٹو: ٹوئٹر

یادرہے کہ تیل پیدا کرنے والے ممالک’ اوپیک پلس‘ نے تیل کی پیداوار میں یومیہ مزید پانچ لاکھ بیرل کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ فیصلے پر عمل درآمد 2020 کی پہلی سہ ماہی سے ہوگا۔
نئے معاہدے پر عمل درآمد کے لیے وزرائے توانائی کی توثیق ضروری ہے۔ تیل پیدا کرنے والے ممالک کے مابین کمی کی تقسیم کا طریقہ کار بھی متعین کرنا پڑے گا۔
تیل پیداوار میں کمی کا مجموعی حجم یومیہ 1.7ملین بیرل ہوگا۔ یہ عالمی پیداوار کا 1.7 فیصد ہے۔

شیئر: