Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جز وقتی ائمہ اور موذنوں کی الٹی گنتی شروع 

25ہزار اسامیوں سے نئے پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔فوٹوعرب نیوز
وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے جو سعودی عرب میں مساجد کی دیکھ بھال، تعمیر اور جملہ انتظامات کی ذمہ دار ہے مساجد سے جزوقتی ائمہ اور موذنوں کی چھٹی کا فیصلہ کرلیا۔
مکہ اخبار کے مطابق وزارت اسلامی امو رنے طے کیا ہے کہ تمام مساجد میں نئے ائمہ اور موذن کل وقتی ملازم ہوں گے۔ امامت اور موذنی کے لیے یکسو ہوں گے۔ وہ موذنی اور امامت کے سوا کوئی اور ملازمت نہیں کرسکیں گے۔ انہیںکسی بھی سرکاری یا نجی ادارے میں ملازمت کاحق نہیں ہوگا۔

 تمام مساجد میں نئے ائمہ اور موذن کل وقتی ملازم ہوں گے۔فائل فوٹو

نیا نظام ان رپورٹوں کے تناظر میں تیار کیا گیا ہے جن سے پتہ چلاتھا کہ سعودی شہری کسی سرکاری یا نجی ادارے میں ملازمت کے ساتھ امام اور موذن کے طور پر بھی کام کررہے تھے۔ یہ حضرات اپنی جگہ کسی غیر ملکی کو امامت یا موذنی کا کام تفویض کردیتے تھے۔ غیر ملکی کو اپنی تنخواہ کا ایک حصہ دیدیا کرتے تھے۔ سعودی حکومت چاہتی ہے کہ تمام مساجد کے امام ، خطیب او رموذن صرف اور صرف سعودی ہوں۔
سعودی امام و موذن اپنی نیابت پاکستان، انڈیا، بنگلہ دیش ، برما اور انڈونیشیا کے تارکین سے کرا رہے ہیں۔ یہ انہیں معمولی سی اجرت دے دیتے ہیں جبکہ انہیں مسجد میں رہائش کا کمرہ بھی فراہم کردیتے ہیں۔
وزارت اسلامی امو رنے امام و خطیب، فرض نمازیں پڑھانے والے امام او رموذن کی اسامیوں کے لیے درخواستیں بھی طلب کرلیں۔ شرائط بھی جاری کردی گئیں جو یہ ہیں۔
 امیدوار دیندار اور ایماندار ہو، سعودی شہری ہو، عمر18برس سے کم نہ ہو، اپنا فرض ادا کرنے کا اہل ہو، کسی سرکاری یا نجی ادارے میںملازم نہ ہو، مطلوبہ اسامی کے لیے مطلوبہ سند رکھتا ہو، اچھے کردار کا مالک ہو، کسی سرکاری ملازمت سے قانونی طریقے سے نہ نکالا گیا ہو، نماز کے اوقات اور احکام سے واقف ہو، قرآن کریم تجوید سے پڑھتا ہو، امام کم از کم تین پاروں اور موذن کم از کم ایک پارے کا حافظ ہو، انٹرویو پاس کرچکا ہو، طبی معائنے میں پاس ہو۔
25ہزار اسامیوں سے نئے پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔ بی اے پاس کو 6ہزار اور ثانوی پاس کو 4500ریال تنخواہ دی جائے گی۔ وزار ت اسلامی امور نے واضح کیا ہے کہ اب تک جو ائمہ و موذن سابقہ نظام پر کام کررہے ہیں وہ جز وقتی امامت و موذنی کے مجاز ہوں گے۔
            
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: