Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اللہ کے بندے ہنس دے‘

انڈیا میں اردو کے معروف ترقی پسند اور انقلابی شاعر فیض احمد فیض گذشتہ کئی دنوں سے ٹرینڈ کر رہے ہیں۔ اس ٹرینڈ کی وجہ ان کی معروف نظم ’ہم دیکھیں گے‘ ہے جس کے خلاف آئی آئی ٹی کانپور کے ایک استاد نے شکایت کی ہے کہ وہ ’ہندو مخالف‘ ہے۔
اس بات پر سوشل میڈیا اور ٹی وی پر گرما گرم بحث جاری ہے اور بہت سے لوگ اس شکایت کو طنز اور مذاق کا نشانہ بنا رہے ہیں جبکہ دریں اثنا آئی آئی ٹی کے پینل نے کہا ہے کہ آیا فیض کی نظم ہندو مخالف ہے یا نہیں یہ طے کرنا ان کا کام نہیں ہے۔

 

لیکن اسی دوران ایک مزاحیہ ٹوئٹر ہینڈل ’ریئل ہسٹری پک‘ نے اپنی تخلیقی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ ٹویٹ کر دیا کہ انڈیا کے معروف گلوکار کیلاش کھیر کے گیت ’اللہ کے بندے ہنس دے‘ کو بھی آئی آئی ٹی کانپور کی جانب سے نوٹس بھیجی گئی ہے کہ اس میں صرف مسلمانوں کے ہنسنے کی بات کی گئی ہے۔
اس ٹویٹ کو جہاں چار ہزار سے زیادہ بار ری ٹویٹ کیا گیا وہیں 11 ہزار سے زیادہ لوگوں نے لا‏ئک کیا لیکن اس ضمن میں سب سے مزیدار بات یہ ہے کہ بہت سے لوگوں نے اسی کی طرز پر بہت ساری چیزوں کا ذکر کیا ہے جو کہ آپ کی دلچسپی کا بھی سامان ہو سکتا ہے۔
ایک صارف نے لکھا ’تجھ میں رب دکھتا ہے یارا میں کیا کروں‘ تو دوسرے نے لکھا کہ ’او مجھے پیار ہوا پیار ہوا اللہ میاں۔‘
معروف ایکٹیوسٹ شہلا رشید نے لکھا کہ ’بخدا میں تو ہنس ہنس کے مر گئی۔‘ جبکہ معروف صحافی برکھا دت نے لکھا کہ ’ہم دیکھیں گے کہ ہم اور کتنے بے وقوف بن سکتے ہیں؟‘
دیویش سنگھ نامی ایک شخص نے لکھا کہ ’رب کرے تجھ کو بھی پیار ہو جائے کے لیے الکا یاگنک اوراودت ناراین کو بھی ’لو جہاد‘ پھیلانے کے لیے یوگی حکومت کی جانب سے نوٹس بھیجی گئی ہے۔
بھائی صاحب نامی ایک شخص نے لکھا ’دے بابا کے نام تجھ کو اللہ رکھے‘ لکھنے والے کے نام بھی نوٹس جانا چاہیے۔
ایک شخص نے لکھا اس کا مطلب یہ ہے کہ جتنے بھجن محمد رفیع نے گائے سب کے ریکارڈ جلا دیا جانا چاہیے۔
وشنو راجگڈیا نامی ایک شخص نے تو حد ہی کردی۔ انھوں نے لکھا کہ فلم ’ندیا کے پار‘ کے گیت جوگی جی دھیرے دھیرے میں جو ’دھیرے دھیرے‘ کہا گیا ہے اس سے ترقی کی رفتار کی سست روی کا پتہ چلتا ہے۔ ان کا اشارہ بی جے پی حکومت اور اس وکاس یعنی ترقی کے نعرے کی جانب اشارہ ہے۔
اگر آپ ریئل ہسٹری پک کے ٹویٹس دیکھیں تو وہ اپنے آپ میں طنز و مزاح کا خزانہ ہیں۔

شیئر: