مسافروں کو آف لوڈ کرنے کا معاملہ، وزیراعظم نے 14 رکنی کمیٹی بنا دی
گزشتہ کچھ عرصے سے پاکستان مسافروں کو آف لوڈ کیے جانے کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کو آف لوڈ کرنے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایک کمیٹی بنا دی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کے بیان کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز کی سربراہی میں 14 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
بیان کے مطابق یہ کمیٹی مسافروں کے لیے آن لائن پروٹیکٹر کے اجراء کا طریقہ کار وضع کرے گی۔ کمیٹی امیگریشن سٹیمپس کے آن لائن اجراء، تجدید کے طریقہ کار پر سفارشات بھی تیار کرے گی۔
کمیٹی کی جانب سے آن لائن اور ڈیجیٹائزڈ نظام پر ورکرز کے اطمینان کو جانچنے کے لیے بھی میکنزم تیار کیا جائے گا۔
کمیٹی موجودہ امیگریشن نظام میں بہتری کے لیے بھی سفارشات تیار کرے گی۔
کمیٹی میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز، سیکریٹری اوورسیز پاکستانیز، سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی، پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے چیئرمین، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت داخلہ، نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے سی ای او شامل ہیں۔
پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس سے گزشتہ عرصے میں مسافروں کو آف لوڈ کیے جانے کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔
مسافروں کی جانب سے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) پر الزامات بھی عائد کیے جاتے رہے ہیں تاہم وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ کسی بھی مسافر کو بلاجواز آف لوڈ نہیں کیا جائے گا۔
