Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد نبوی کی صفائی پر مامور افراد کی تعداد کتنی؟

صفائی کے لیے 35 جدید ترین مشینیں زیر استعمال ہیں (فوٹو المدینہ)
مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کی صفائی کے لیے 1520سے زائد مرد وخواتین کارکنان تعینات ہیں۔ صفائی کے امور انجام دینے کے لیے 35 جدید ترین مشینیں بھی زیر استعمال ہیں، یہ مشینیں بیٹری کے ساتھ بغیر آواز کے کام کرتی ہیں۔

مسجد میں آنے والوں کے جوتے رکھنے کے لیے 2800 شیلف موجود ہیں۔(فوٹو المدینہ)

مسجد نبوی کی صفائی اور قالینوں کی نگراں انتظامیہ کے سربراہ خالد الرحیلی نے المدینہ اخبار سے خصوصی گفتگو کے دوران واضح کیا کہ کیا مسجد نبوی کے اندرونی اور بیرونی حصوں سے 45 ٹن کچرا یومیہ اٹھایا جاتا ہے۔ان میں زم زم پینے کے استعمال شدہ گلاس اور مختلف اشیاء اور افطاری کے وقت استعمال ہونے والے ڈسپوزایبل ڈبے شامل ہیں۔
خالد الرحیلی نے بات کرتے ہوئے مزید بتایا کہ مسجد میں آنے والوں کے جوتے رکھنے کے لیے 2800 شیلف موجود ہیں۔ 

مسجد میں 200 خواتین کارکن صفائی اور متعلقہ امور انجام دیتی ہیں۔(فوٹو المدینہ)

الرحیلی کے مطابق مسجد نبوی کے اندرونی اور بیرونی حصوں اور اس کی چھت کی صفائی کے لیے 1320 مرد کارکن موجود ہیں جبکہ مسجد میں خواتین کے لیے مخصوص حصے میں 200 خواتین کارکن صفائی اور متعلقہ امور انجام دیتی ہیں۔
مسجد کی چھت، اس کے فرش اور راہداریوں کو روزانہ تین مرتبہ دھویا جاتا ہے جبکہ بارشوں اور گرد و غبار آجانے کے موقع پر دھلائی اور صفائی کا عمل روزانہ پانچ مرتبہ انجام دیا جاتا ہے۔ اس مقصد کے لیے 35 جدید ترین مشینوں کو بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
الرحیلی نے بتایا کہ مسجد نبوی کے اطراف بیت الخلا کے 18 سیکشن ہیں جن میں 5 سیکشن خواتین کے لیے ہیں۔ ہر سیکشن تین منزلہ ہے، بیت الخلا کی مجموعی تعداد 2514 بنتی ہے۔
 معذور افراد کے لیے علیحدہ سے بیت الخلا کا سیکشن موجود ہے۔ تمام بیت الخلاء روزانہ 3 مرتبہ پانی اور صفائی کے مواد سے دھوئے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہر نماز کے بعد بھی یہاں صفائی کی جاتی ہے۔ مسجد کے اطراف 23 وضو خانے موجود ہیں جبکہ مزید 7 زیر تعمیر ہیں۔

صحنوں اور توسیع میں 16 ہزار سے زیادہ قالین بچھے ہوتے ہیں۔(فوٹو ٹوئٹر)

مسجد نبوی میں صفائی اور قالینوں کی نگراں انتظامیہ کے سربراہ کے مطابق حرم مدنی کے اندر، اس کی چھت پر، اس کے صحنوں اور توسیع میں 16 ہزار سے زیادہ قالین بچھے ہوتے ہیں۔
ان قالینوں کو ویکم مشینوں کے ذریعے دن میں تین مرتبہ صاف کیا جاتا ہے جبکہ ان پر لگی یا گری اشیاء کو صاف کرنے کے لیے شرعی طریقے سے دھو کر پاک کیا جاتا ہے۔ بقیہ قالینوں کو مقرر کردہ شیڈول کے مطابق خصوصی مشینوں کے ذریعے صاف کیا جاتا ہے۔
  • خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: