Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقوام متحدہ میں مسئلہ فلسطین کے پرامن حل سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کا دوسرا سیشن

دوسرے سیشن میں شریک ممالک کے نمائندوں نے اظہار خیال کیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے فرانس کے ہم منصب جین نویل باروٹ کے ساتھ مسئلہ فلسطین کے پرامن حل اور دو ریاستی حل کے نفاذ سے متعلق اقوام متحدہ کے ہیڈ کواٹر میں اعلی سطح  کی بین الاقوامی کانفرنس کے دوسرے سیشن کی مشترکہ صدارت کی۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق دوسرے سیشن میں شریک ممالک کے نمائندوں نے اظہار خیال کیا جس میں عرب اقدام اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی بنیاد پر واضح اور متفقہ طریقہ کار کے ذریعہ دو ریاستی حل کی جانب بڑھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
علاوہ ازیں وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے فلسطین کے پرامن حل کے لیے بین الاقوامی کانفرنس کی حتمی دستاویز کی توثیق کرتے ہوئے اسے اپنانے کا اعلان کردیا۔
دستاویز میں دو ریاستی حل کو اپناتے ہوئے تنازع کے خاتمے کے حوالے سے حقیقت پسندانہ اور موثر طریقے سے نافذ کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
اس میں ایسی دو جمہوری ریاستوں کے لیے بین الاقوامی برادری کی جانب سے ’غیرمتزلزل‘ عزم کا اعادہ بھی کیا گیا ہے جو محفوظ اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرحدوں کے اندر امن کے ساتھ رہیں۔
 بیان میں کہا گیا کہ حتمی دستاویز دوریاستی حل کے نفاذ، خطے کے امن اور لوگوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی بحالی کے لیے جامع اور قابل عمل فریم ورک فراہم کرے گی۔

مسئلہ فلسطین کے پرامن حل کے لیے حتمی دستاویز کی توثیق کی گئی (فوٹو: ایس پی اے)

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاح پر خطاب میں کہا تھا کہ ’اسرائیل، فلسطین بحران کے دو ریاستی حل کا نفاذ ’علاقائی استحکام کی کنجی‘ ہے۔‘
اجلاس میں امریکہ میں سعودی عرب کی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان، وزیر خارجہ کے مشیر برائے سیاسی امور شہزادہ مصعب بن فرحان، وزارت کی انڈرسیکرٹری برائے اقتصادی ترقیاتی امور عبداللہ زرعہ اور اقام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل مندوب ڈاکٹر عبدالعزیز الواصل بھی موجود تھے۔

 

شیئر: