مسجد نبوی شریف زائرین کے لیے 24 گھنٹے کھلی رہتی ہے۔ فائل فوٹو
مسجد نبوی شریف سال کے 12مہینے چوبیس گھنٹے زائرین کے لیے کھلی رہتی ہے۔ مدینہ منورہ کے باشندوں اور وہاں مقیم غیر ملکیوں کے علاوہ مملکت کے تمام علاقوں اور دنیا بھر سے زائرین مدینہ منورہ پہنچتے رہتے ہیں۔
اخبار 24کے مطابق مدینہ منورہ میونسپلٹی نے زائرین کی نقل و حرکت میں پیش آنے والی دشواریوں کا جائزہ لیکر فیصلہ کیا ہے کہ مسجد نبوی شریف آنے جانے والوں کو مزید سہولیات مہیا کی جائیں۔
مدینہ منورہ میونسپلٹی نے کنگ عبداللہ روڈ (سرکلر روڈ ٹو) پر کنگ عبدالعزیز چوراہے سے گزرنے کا مسئلہ آسان کرنے کے لیے ایک پل اور چوراہے بنوانے شروع کردیئے۔
اس منصوبے کا مقصد ایک طرف تو مسجد نبوی شریف تک پہنچنے میں آسانی پیدا کرنا اور دوسری جانب حرمین ایکسپریس ٹرین اسٹیشن اور تیسری جانب امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک پہنچنے میں سہولت مہیا کرنا ہے۔ پل اور چوراہے کی بدولت مذکورہ چوراہے پر پیش آنے والی پیچیدگی دور ہوجائے گی۔
پل 900میٹر طویل ہوگا۔ ہر جہت میں تین لائنیں ہوں گی جبکہ دو لائنیں ایکسپریس بسوں کے لیے مخصوص ہوں گی۔