موٹرسائیکل پر سوار ہو کر دنیا کے سفر پر نکلنے والی کینیڈا کی سیاح روزی گیبریل نے اسلام قبول کرلیا ہے۔ روزی نے گذشتہ سال پاکستان کے مختلف صوبوں کی سیاحت کی تھی۔ وہ پاکستان کی ثقافت اور خوبصورت مقامات سے کافی متاثر دکھائی دیتی ہیں اور سوشل میڈیا پر بھی اس کا اظہار کرتی رہتی ہیں۔
روزی نے جمعرات کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک طویل پوسٹ میں اپنے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ ’ ’میری قسمت مجھے پاکستان لے کر آئی نہ صرف اس لیے کہ میں خود کو چیلنج کر سکوں بلکہ اس لیے بھی کہ اپنی تکلیف اور انا سے چھٹکارا پا سکوں اور سیدھے راستے پہ چل سکوں۔
ان کے مطابق کہ انہوں نے اپنا مذہب چار برس پہلے چھوڑا تھا اور وہ روحانیت کے سفر پر نکلی تھی اور کائنات ان کو پاکستان لے آئی۔
کینیڈین بائیکر نے مزید لکھا کہ ’میں دس سے زائد برس مسلم ملک میں رہی ہوں اور وہاں ایک منفرد چیز کے بارے میں جان پائی ہوں جو کہ مجھے کہیں نہیں ملا، وہ ہے سکون کا وہ درجہ جسے حاصل کرنا بہت سے لوگوں کا خواب ہے۔‘
انہوں نے اپنی پوسٹ میں دنیا میں اسلام سے متعلق نظریوں کی نفی کرتے ہوئے لکھا کہ ’اسلام دنیا میں سب سے زیادہ تنقید کا شکار اور غلط سمجھا جانے والا مذہب ہے مگر حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ اسلام کا اصل امن، محبت اور واحدانیت ہے۔‘
روزی گیبریل جب پاکستان کے لیے سفر پر نکلی تھیں تو انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں بتایا تھا کہ انہیں بہت سے لوگوں نے منع تھا کہ وہ پاکستان نہ جائیں کیونکہ یہ ان کے لیے خطرناک ہے لیکن انہیں پاکستان میں کہیں بھی خطرہ محسوس نہیں ہوا۔
کینیڈین بائیکر نے نہ صرف پاکستان کی خوبصورتی کی تعریف کی تھی بلکہ انہیں مقامی لوگوں کی خوش اخلاقی نے بھی کافی متاثر تھا۔
-
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں