Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محکمہ صحت کے 20 اہلکار معطل

خفیہ اہلکار عام مریض بن کر محکمہ صحت کے اداروں کا دورہ کرتے ہیں ( فوٹو: سبق)
طائف کے سرکاری ہسپتالوں اور صحت مراکزمیں غیر حاضر، ذمہ داریاں ادا کرنے میں کوتاہی برتنے والے اور معیاری سروس فراہم نہ کرنے والے 20 اہلکاروں اور طبی عملے کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
طائف محکمہ صحت کے ترجمان عبد الہادی الربیعی نے کہا ہے کہ ’محکمہ صحت طائف کے سربراہ سعید بن جابر القحطانی نے ہسپتالوں اور صحت مراکز کا خفیہ دورہ کر کے متعدد خلاف ورزیاں پکڑی ہیں‘۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’جن مراکز کا دورہ کیا گیا ان کی سروس 24 گھنٹے ہونی چاہیے تھی جہاں مریضوں کو تمام خدمات فراہم کی جاتی ہیں‘۔

خفیہ دورے کے دوران معلوم ہوا کہ کچھ اہلکار ڈیوٹی پر موجود نہیں تھے ( فوٹو: سبق)

انہوں نے بتایا کہ ’محکمہ صحت کے سربراہ نے وزارت صحت کے تحت کام کرنے والے المحانی ہسپتال، کنگ عبد العزیز ہسپتال، الحویہ مرکز، کر مرکز اور تربہ مرکز کا رات کے وقت اچانک دورہ کیا تھا‘۔
ترجمان محکمہ صحت نے کہا ہے کہ ’دورے کے دوران معلوم ہوا کہ کچھ اہلکار ڈیوٹی پر موجود نہیں تھے، بعض کی طرف سے صحت خدمات فراہم کرنے میں کوتاہی برتی جا رہی تھی جبکہ بعض مریضوں کو معیاری سروس فراہم نہیں کر رہے تھے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’محکمہ صحت نے اپنے ماتحت اداروں کی خدمات کا معیار بہتر کرنے اور اس کا جائزہ لینے کے لیے خفیہ اہلکار تعینات کر رکھے ہیں جو عام مریض بن کر اداروں کا دورہ کرتے ہیں‘۔
الربیعی نے بتایا ہے کہ ’محکمہ صحت طائف کے تحت 15 ہسپتال اور 123 صحت مراکز ہیں جن میں عملے کے 14 ہزار ارکان کام کرتے ہیں۔ محکمہ اپنے ماتحت اداروں کی نگرانی کر رہا ہے اور معیار کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرتا رہتا ہے‘۔

شیئر: