Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انسانی بھائی چارہ عالمی امن کی کنجی ہے، مسلم ورلڈ لیگ

افہام و تفہیم اور باہمی تعاون کو آسان بنایا جائے(فوٹو واس)
 کروشیا کے دارالحکومت زغرب میں عالمی امن و سلامتی کے لیے انسانی بھائی چارہ کے عنوان سے بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیاگیا۔ مسلم ورلڈ لیگ (ایم ڈبلیو ایل) کے زیر اہتمام یہ کانفرنس کروشین صدر کولنڈا گریبر کیٹارووچ کی سرپرستی میں ہوئی۔
عرب نیوز کے مطابق مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے انسانی برادری کی اقدار کو حقیقی طور پر اپنانے کا مطالبہ کیا ، انہوں نے کہا کہ منفی رکاوٹوں کو دور کر کے بات چیت ، افہام و تفہیم اور باہمی تعاون کو آسان بنایا جائے۔

ہم سب کے لیے اخوت اور محبت پر مبنی دنیا بنانے کا یہ ایک اہم موقع ہے۔(فوٹو واس)

انہوں نے مزید کہا کہ انسانی اخوت اور بھائی چارے کی اقدار کو فروغ دینا عالمی امن کے حصول کے لئے سب سے اہم ستون ہے۔ انسانی بھائی چارہ عالمی امن کی کنجی ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجود دور میں امن اور ہم آہنگی کے لیے انسانی اقدار مشترک ہیں، باہمی رواداری کومضبوط تربنایا جائے۔
کانفرنس میںنسل پرستی ، پسماندگی اور انسانیت اور وطن کے خلاف نفرت کے تمام طریقوں کو جرم قرار دینے کے لیے قانون سازی کے نفاذ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
 زغرب میں تہذیبوں میں رابطوں کی بنیاد پر عالمی مرکز قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا جو بات چیت کے لیے معاون ثابت ہو۔ ایسا مرکز جوانسانوں کے مابین افہام و تفہیم اور انسانی اور معاشرتی اقدار کے فروغ اور مذہبی ، ثقافتی اور نسلی فرقوں کو ختم کرنے سے متعلق اقدامات کے سکے۔

کئی ممالک کے سیاسی ، مذہبی اور دانشور رہنماوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔(فوٹو واس)

کروشیا کی صدر کی جانب سے اس بین الاقوامی کانفرنس میں بین المذاہب مکالمے کے لیے کروشیا میں اسلامی شخصیات، کروشیا کے کیتھولک اور ویٹیکن اسٹیٹ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
کانفرنس میں کروشیا کے وزیراعظم ، پارلیمنٹ کے اسپیکر ، کروشیاکے متعد د وزراء،پارلیمنٹیرینز اور کئی ممالک کے سیاسی ، مذہبی اور دانشور رہنماوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر کروشیا کی صدر کولنڈا گریبر کیٹارووچ نے کہا کہ ہم سب کے لیے اخوت اور محبت پر مبنی دنیا بنانے کا یہ ایک اہم موقع ہے۔
قدرت نے ہمیں الگ ثقافتوں اور نسلوں میں پیدا کیا ہے تا کہ ہم انسانیت کی خدمت میں ایک دوسرے سے تعاون کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی انسان کا دکھ دراصل انسانیت کا دکھ ہے ۔
 

شیئر: