Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلش میں فیل ہونے پر استاد کو رکشے سےکچل دیا

مفرور طالب علم کی تلاش جاری ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
مصر میں ایک پرائمری کلاس کے طالب علم نے انگلش کے مضمون میں فیل ہونے پر انتقام لینے کے لیے استاد کو رکشے سے کچل کر شدید زخمی کر دیا۔
پولیس نے ٹیچر کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا جبکہ مفرور طالب علم کی تلاش جاری ہے جو واقعے کے بعد گھر بھی نہیں پہنچا۔
عربی ویب نیوز ’مزمز‘ نے خبر دی ہے کہ مصرکے جنوبی علاقے کی کمشنری سوھاج میں پرائمری سکول کے ہیڈ ماسٹر نے علاقے کے تھانے میں رپورٹ درج کرائی کہ ان کے ایک استاد حادثے کا شکار ہو گئے ہیں۔
پولیس کو ملنے والی اطلاع میں ہیڈ ماسٹرکی جانب سے مزید کہا گیا تھا کہ حادثہ اتفاقی نہیں بلکہ جان بوجھ کر کیا گیا ہے۔ پولیس ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر اس رکشے کو اپنی تحویل میں لے لیا جس کے ذریعے استاد کو کچلا گیا تھا۔
زخمی استاد کے ابتدائی بیان میں کہا گیا ہے کہ شاگرد نے انہیں رکشے سے ٹکر ماری تھی۔ استاد کا مزید کہنا تھا کہ ان کا شاگرد انگلش میں کافی نالائق تھا، وہ ہر ٹیسٹ میں فیل ہوتا تھا، امتحان سے قبل اس کے والد کو بھی اس کی تعلیم کے بارے میں اطلاع دے دی تھی تاکہ وہ اپنے بیٹے پر توجہ دیں۔
استاد نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے مزید کہا کہ طلبہ میں امتحان کا نتیجہ تقسیم کرنے کے بعد میں گھرلوٹ رہا تھا کہ اچانک ایک تیز رفتار رکشا گلی سے نکل کر مجھے روندتا ہوا گزر گیا۔ استاد کا کہنا تھا کہ رکشے کی ڈرائیونگ سیٹ پر دیکھا تو وہاں وہی طالب علم تھا۔
پولیس نے مفرور طالب علم کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کر کے اس کی تلاش شروع کر دی۔
 دوسری جانب مفرور طالب علم کے ساتھیوں کا کہنا تھا کہ رزلٹ ملنے کے فوری بعد ان کا ساتھی انتہائی غصے کی حالت میں سکول سے نکل گیا تھا تاہم اس نے کسی کو اس بارے میں نہیں بتایا کہ وہ انتہائی حد تک جاسکتا ہے۔

شیئر: