Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر میں یونیورسٹی انتظامیہ کیجانب سے طلباء پر پابندی 

خلاف ورزی دہرانے والے طلباء کو سالانہ امتحان میں بھی شرکت کا موقع نہیں ملے گا ۔ فوٹو ، عکاظ اخبار
مصر کے جنوبی علاقے کی قناء کمشنری کی یونیورسٹی انتظامیہ نے غیر معمولی بال کٹنگ کرنے والے طلباء کے داخلے پر پابندی عائد کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایسے طلباء بھی یونیورسٹی میں داخل نہیں ہو سکیں گے جو زنانہ اشیائے زیبائش استعمال کرتے ہوئے کلائیوں میں کڑے اور دیگر چیزیں پہنتے ہیں ۔مصری اخبار کے حوالے سے عربی روزنامہ عکاظ کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے جاری سرکلر میں سختی سے کہا گیا ہے کہ 'ایسے طلباء جنہوں نے بالوں کی غیر معمولی کٹنگ کرائی ہے یا تو وہ مکمل طور پر گنجا ہوں یا بالوں کو درست کرائیں جب تک وہ درست حالت اختیار نہیں کر لیتے انہیں یونیورسٹی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی ' ۔
انتظامیہ کی جانب سے قانون پر سختی سے عمل درآمد کیاجارہا ہے ۔ اخبار کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے مرکزی دروازے پر موجود سیکیورٹی گارڈز کو بھی ہدایت کر دی ہے کہ وہ ایسے طلباء کو قطعی طور پر یونیورسٹی کے آنے کی اجازت نہ دیں جو مذکورہ خلاف ورزی کے مرتکب ہیں۔

غیر اخلاقی لباس پہننے والے طلباء بھی یونیورسٹی میں داخل نہیں ہو سکیں گے ۔ فوٹو ، عاجل ویب 

یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ایسے طلباء کو بھی داخل نہیں ہونے دیا جائے گا جو غیر اخلاقی لباس پہن کر آتے ہیں ۔ وہ طلباء جو دوبارہ ایک ہی خلاف ورزی کے مرتکب ہونگے انہیں سالانہ امتحانات میں بھی بیٹھنے نہیں دیاجائے گا ۔
انتظامیہ نے طلباء کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ قواعد کا ہر طرح سے خیال رکھیں اور ان پر سختی سے عمل کریں ۔
یونیورسٹی میں تعلیمی ماحول کو برقراررکھنے کے لیے قواعد مرتب کیے گئے ہیں جن پر عمل درآمدکو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو بھی سرکلر جاری کر دیئے ہیں ۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تعلیمی ماحول کو کسی صورت میں خراب نہیں ہونے دیا جائے گا ۔ طلباء کسی بھی ملک کا مستقبل ہوتے ہیں انہیں اپنی تمام ترتوانائی اور توجہ حصول عمل پر مرکوز کرنا چاہئے تاکہ بہتر نتائج حاصل کیے جائیں ۔ 
واضح رہے کافی عرصہ سے دیگر ممالک کی طرح عرب ممالک میں بھی نوجوانوں میں بالوں کی غیر معمولی کٹنگ کے رجحان میں کافی اضافہ ہوا ہے ۔ نت نئے فیشن کے مطابق نوجوان اپنے بالوں کی کٹنگ کراتے ہیں جبکہ ایسی پینٹیں بھی مقبول ہورہی ہیں جو تعلیمی اداروں میں انتہائی غیر مناسب تصور کی جاتی ہیں ۔

شیئر: