Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل کے غیر ملکی کھلاڑی

پی ایس ایل فائیو کی افتتاحی تقریب جمعرات کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہو گی (فائل فوٹو)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز جمعرات 20 فروری سے کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں رنگا رنگ تقریب سے ہونے جا رہا ہے۔
پاکستان کرکٹ کے لیے یہ تاریخی موقع ہے جس میں پی ایس ایل سیزن فائیو کے تمام میچز ملک کے چار شہروں کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان سپر لیگ کے اس سیزن میں چھ ٹیموں میں 30 سے زائد غیر ملکی کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
اردو نیوز کی اس رپورٹ میں ہم ان غیر ملکی کرکٹرز کا ذکر کریں گے جو پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔

ڈیل سٹین اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ایکشن میں دکھائی دیں گے (فوٹو: اے ایف پی)

ڈیل سٹین:

 جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر ڈیل سٹین پی ایس ایل کے سیزن فائیو میں پہلی بار پاکستان سپر لیگ کا حصہ بنیں گے۔
 36سالہ ڈیل سٹین پی ایس ایل کی دو بار کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کریں گے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے ترجمان کے مطابق جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹی20 سیریز کے بعد ڈیل سٹین اسلام آباد یونائیٹڈ کو جوائن کریں گے۔
جنوبی افریقی سپیڈ سٹار ورلڈ کپ 2019 سے قبل کندھے کی انجری کا شکار ہونے کے بعد قریباً 11 ماہ ٹیم سے باہر رہے۔
انہوں نے حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں جنوبی افریقہ کی ٹیم میں کم بیک کیا، تاہم اس سیریز میں ان کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی۔
2004 میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے ڈیل سٹین پہلی بار پاکستانی میدانوں پر ایکشن میں نظر آئیں گے۔

بین کٹنگ پی ایس ایل فائیو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے (فوٹو: ٹوئٹر)

بین کٹنگ:

آسٹریلیا کے دراز قد آل راؤنڈر بین کٹنگ پی ایس ایل سیزن فائیو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے جا رہے ہیں۔
آسٹریلوی آل راؤنڈر رواں سیزن میں حصہ لینے کے لیے کراچی پہنچ چکے ہیں اور وہ پہلی بار پاکستان سپر لیگ کا حصہ ہوں گے۔
2013 میں آسٹریلیا کی جانب سے انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے والے بین کٹنگ بین الاقوامی کرکٹ میں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں تو اب تک ناکام رہے ہیں تاہم ٹی20 لیگ میں ایک بہترین آل راؤنڈر کے طور پر شہرت رکھتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بین کٹنگ کی اہلیہ ایرن ہولینڈ پی ایس ایل سیزن فائیو میں ٹی وی میزبان کے فرائض سر انجام دیں گی۔

دلکش سٹورکس اور ریورس سویپ انگلینڈ کے ٹام بینٹن کی وجہ شہرت ہے (فوٹو: آئی سی سی)

ٹام بینٹن:  

انگلینڈ کے اوپننگ بلے باز ٹام بینٹن اس بار پشاور زلمی کی جانب سے پاکستان سپر لیگ کا ڈیبیو کرنے جا رہے ہیں۔
ٹام بینٹن نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ کرکٹ کا ڈیبیو کیا جبکہ انہوں نے 2019 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
دلکش سٹورکس کے علاوہ ٹام بینٹن کی ریورس سویپ بھی ٹی20 میں وجہ شہرت ہے۔
ٹام بینٹن نے حال ہی میں آسٹریلیا کی بیگ بیش لیگ میں برسبین ہیٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک اوور میں پانچ چھکے لگا کر ٹی20 کرکٹ میں مخالف ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
ٹام بینٹن پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے کے لیے کراچی پہنچ چکے ہیں اور شائقینِ کرکٹ پہلی بار انہیں پاکستانی گراؤنڈز پر ایکشن میں دیکھیں گے۔

ویست انڈین آل راؤنڈر کیمو پال کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ ہوں گے (فوٹو: آئی سی سی)

کیمو پال:

ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر کیمو پال کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے رواں سال پاکستان سپر لیگ کا ڈیبیو کریں گے۔
کیمو پال 2018 میں پاکستان کا دورہ کرنے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں شامل تھے اور پاکستان کے خلاف کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ٹی20 کرکٹ میں ڈیبیو کر چکے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر نے بین الاقوامی ٹی20 کرکٹ میں 18 میچز میں 24 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
 انہیں ایک میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کر نے کا اعزاز بھی حاصل ہے جبکہ انہوں نے 115 کے سٹرائیک ریٹ سے مجموعی طور پر 142 رنز بنائے ہیں۔
کیمو پال سات مارچ کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بن جائیں گے۔

سری لنکن سپنر پی ایس فائیو میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کریں گے (فوٹو: اے ایف پی)

ساکیگو پراسنا:

ساکیگو پراسنا پاکستان سپر لیگ فائیو میں حصہ لینے والے سری لنکا کے واحد کھلاڑی ہیں۔ سری لنکن لیگ بریکر رواں سیزن میں لاہور قلندرز کی جانب سے ڈیبیو کریں گے۔
2013 میں پاکستان کے خلاف ٹی20 ڈیبیو کرنے والے سری لنکن لیگ سپنر نے 20 میچز میں 10 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ 132 کے سٹرائیک ریٹ سے 214 رنز بنائے ہیں۔
سری لنکن گیند باز نے 2011 میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے کرکٹ کے پہلے میچ میں 32 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
انہوں نے انگلینڈ کے خلاف 24 گیندوں پر ایک روزہ کرکٹ میں اپنے کیریئر کی تیز ترین نصف سنچری سکور کر رکھی ہے۔ 

برطانوی کرکٹر لیوس گریگری پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے (فوٹو: گیٹی امیجز)

لیوس گریگری:

برطانوی کرکٹر لیوس گریگری جنوبی افریقہ کے ڈیوائن پریٹوریس کی جگہ پشاور زلمی کی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
لیوس گریگری نے 2019 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے اب تک پانچ ٹی 20 میچز میں ایک وکٹ حاصل کی ہے جبکہ 21 رنز سکور کر چکے ہیں۔
انگلینڈ کی ٹیم کے علاوہ سمر سیٹ اور انگلینڈ انڈر 19 کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔

فیبیئن ایلن: 

ویسٹ انڈیز کے بلے باز فیبیئن ایلن ملتان سلطانز کی جانب سے پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن میں اپنا ڈیبیو کریں گے۔

فیبیئن ایلن ملتان سلطانز کی جانب سے صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے (فوٹو: آئی سی سی)

فیبیئن ایلن 2018 میں انڈیا کے خلاف کولکتہ میں ٹی20 کیریئر کا ڈیبیو کر چکے ہیں۔

ڈین ویلاز:

جنوبی افریقہ کے ڈین ویلاز، لنڈل سمنز کی جگہ رواں سیزن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کریں گے۔ 2015 میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے ڈین ویلاز کا بین الاقوامی کیریئر انتہائی مختصر رہا اور انہوں نے خود کو کاؤنٹی کرکٹ تک محدود کر لیا ہے۔
وکٹ کیپر بیٹسمین ڈین ویلاز نے 150 ٹی 20 میچز کھیل کر 127 کے سٹرائیک ریٹ سے 2 ہزار 844 رنز بنائے ہیں۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: