Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ ریجن میں تین روزہ سکیورٹی مہم

افتتاحی تقریب میں کمشنر جدہ نے بھی شرکت کی (فوٹو: سبق نیوز)
گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نے قوانین کی اہمیت اور آگاہی کے حوالے سے منعقدہ ’سکیورٹی مہم ‘ کا افتتاح کر دیا۔ مہم تین روز تک جاری رہے گی جس میں قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے شرکت کر رہے ہیں۔
افتتاحی تقریب کے انعقاد کا مقصد شہریوں اورمقیم غیر ملکیوں کو قانون پر عمل کرنے کے فوائد اور معاشرے پر مرتب ہونے والے مثبت اثرات کے حوالے سے آگاہ کرنا ہے۔

گورنر مکہ کو سٹالز کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں (فوٹو: سبق نیوز)

ویب نیوز ’سبق ‘ کے مطابق گورنر مکہ ریجن شہزادہ خالد الفیصل کی سربراہی میں منعقد کی گئی افتتاحی تقریب میں کمشنر جدہ شہزادہ مشعل بن ماجد کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے ڈائریکٹرز اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔
سکیورٹی مہم کو ’ امن و سلامتی ہمارا ہدف ‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔ مہم کا انعقاد سپیشل فورسز اور ٹریفک پولیس کے ادارے کے تعاون سے کیا گیا۔

کانفرنس میں ٹریفک قوانین کی اہمیت بھی اجاگر کی جا رہی ہے (فوٹو: سبق نیوز)

تقریب کی انتظامیہ نے گورنر خالد الفیصل کو مہم کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ اس دوران شہزادہ خالد اور دیگر شرکا کو مختلف سٹالز کا دورہ بھی کرایا گیا۔
ٹریفک پولیس کے سٹال پر محتاط انداز میں ڈرائیونگ کرنے کے فوائد اور تیز رفتاری کی صورت میں ہونے والے حادثات کے نقصانات سے آگاہ کرنے کے لیے مختلف تصاویر اور ویڈیوز دکھائی گئیں۔
آگاہی سٹال پر ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے اور اس کی نقصانات کے حوالے سے تصویری شکل میں اہم معلومات پیش کی گئیں۔ ان میں یہ بتایا گیا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے سے ڈرائیور کی توجہ سڑک سے ہٹ جاتی ہے جو سنگین حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔

سکیورٹی مہم 3 روز تک جاری رہے گی ( فوٹو: سبق نیوز)

سکیورٹی مہم کے حوالے سے منتظمین کا کہنا ہے کہ ہمارا بنیادی ہدف معاشرے میں قانون کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ قانون سب کے لیے یکساں ہے، قوانین کا مقصد معاشرے میں سلامتی اورامن کو فروغ دینا ہے۔

شیئر: