Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شہریوں پر ایران کے سفر کی پابندی عائد

کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)
 سعودی عرب کے ڈائریکٹر جنرل آف جوازات (امیگریشن اینڈ پاسپورٹ) کے ترجمان نے سعودی شہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکیوں کے ایران سفر پر پابندی عائد کی ہے۔
نیوز 24 کے مطابق محکمہ جوازات کے ترجمان نے کہا ہے ’یہ فیصلہ صحت کے حوالے سے کیا گیا ہے تاکہ نئے کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جاسکیں۔‘
محکمہ جوازات کے ترجمان نے مزید بتایا ’کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ایسے غیر ملکی افراد جو ایران گئے ہوں تو ان افراد پر مرض کی انکیوبیشن کی مدت (14دن) سے قبل مملکت میں داخلے پر پابندی ہوگی۔‘

سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے ایران سفر پر پابندی عائد کی گئی ہے (فائل فوٹو:روئٹرز)

جواز ات کے ذرائع نے مزید بتایا ’وہ افراد جو ایران گئے اور وہ اپنی اس مدت کا ثبوت پیش نہیں کریں گے تو یہ قانونی خلاف ورزی شمار ہوگی۔ ایسے افراد جو ایران گئے ہوئے ہیں انہیں سعودی عرب براہ راست آنے کی اجازت نہیں ہے۔‘
ذرائع کا کہنا ہے کہ مملکت آنے والے تمام مسافروں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے افسر کو اپنے گزشتہ دو ہفتوں کی رپورٹ پیش کریں تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ آنے والا مسافر براہ راست ایران سے نہیں آرہا۔
 خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو مملکت آنے نہیں دیا جائے گا اور انہیں اسی وقت ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔
خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایران میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد اب 18 ہوگئی ہے جن میں سے اب تک چار افراد اس وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ چین کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد دو ہزار 236 ہوگئی ہے۔

شیئر: