Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ میں بارش، موسم خوش گوار ہوگیا

عمرہ زائرین نے بوندا باندی میں کعبہ کا طواف کیا ( فوٹو: اخبار 24)
منگل کی صبح مکہ میں ہونے والی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ دنیا بھر سے آنے والےعمرہ زائرین نے خوش گوار موسم میں کعبہ کا طواف کیا اور دعائیں مانگیں۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ چند دنوں سے مکہ ریجن میں موسم گرمی کی طرف مائل ہو رہا تھا کہ اچانک منگل کو صبح سے ہی ریجن میں بادل چھا گئے۔
عمرہ زائرین نے ہلکی بارش میں طواف کعبہ کیا اور میزاب کعبہ کے نیچے کھڑے ہو کر دعائیں مانگیں۔ زائرین کا کہنا تھا کہ مکہ میں بارش سے موسم کافی بہتر ہو گیا ہے ایسے میں کعبے کا طواف کر کے بے حد لطف آیا۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے گذشتہ روز مکہ ریجن کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور درمیانے درجے کی بارش کی توقع ظاہر کی گئی تھی۔
اطلاعات کے مطابق منگل کو جدہ کے مختلف علاقوں میں معمولی بوندا باندی ہوئی جبکہ طائف، اللیث، رابغ، خلیص اور میسان کے علاقوں میں بھی ہلکی اور درمیانے درجے کی بارش سے موسم غیر معمولی طور پر خوش گوار ہو گیا۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ’ ریجن میں غیر متوقع موسم کے پیش نظر ہائی وے خاص کر پہاڑی علاقے میں سفر کرنے والے احتیاطی تدابیر اختیار کریں جبکہ تفریح کے لیے جانے والے پہاڑی وادیوں اور گھاٹیوں میں قیام سے گریز کریں۔‘
شہری دفاع کی جانب سے بھی لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران شاہراہوں پر نصب بورڈز کے نیچے کھڑے نہ ہوں۔ برساتی پانی کی گزرگاہوں میں بھی تفریح کے لیے نہ جائیں تاکہ کسی قسم کی مشکل صورت حال میں مبتلا نہ ہوں۔
دوسری جانب سبق نیوز کے مطابق حائل ریجن میں منگل کوموسم گرد آلود رہا۔ صبح سے ہی تیز ہوائیں چلتی رہیں جس کی وجہ سے بعض مقامات پر لوگوں کو سخت دشواری کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
180 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں سے بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے جس سے متعدد گھروں می بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
ریاض ریجن کے محکمہ شہری دفاع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان دنوں موسم شدید غبار آلود رہنے کا امکان ہے جس کے پیش نظر ہائی وے پر سفر کرنے والے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

شیئر: