Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تمام کھیلوں میں تماشائیوں پر پابندی

میچوں میں تماشائیوں کے داخلے پر پابندی تاہدایت ثانی رہے گی ( فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں فٹبال سمیت تمام کھیلوں میں تماشائیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت سپورٹس نے کہا ہے کہ ’دنیا کے بیشتر ممالک میں کورونا وائرس کے حوالے سے وزارت کو تشویش ہے۔ سعودی حکومت نے اس کی روک تھام کے لیے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کر رکھی ہیں۔‘
وزارت نے کہا ہے کہ ’ان احتیاطی تدابیر کے پیش نظر اور لوگوں کی سلامتی کو ملحوظ رکھتے ہوئے تمام کھیلوں میں تماشائیوں کے داخلے پر پابندی لگائی جارہی ہے۔‘
وزارت کے مطابق فٹبال سمیت تمام کھیلوں میں تماشائیوں کے داخلے پر پابندی کا اطلاق آج ہفتے سے ہوگا۔
وزارت نے بتایا ہے کہ ’فیصلہ تاہدایت ثانی نافذ العمل رہے گا تاہم وزارت وقفے وقفے سے اس پر نظر ثانی کرتی رہے گی۔‘
وزارت سپورٹس نے کہا ہے کہ ’جن کھیلوں کی ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں ان کی قیمت واپس کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔‘
وزارت نے بتایا ہے کہ ’کھیلوں میں تماشائیوں کی شرکت پر پابندی کورونا وائرس کے انسداد کے لیے کام کرنے والی مشترکہ کمیٹی کی سفارش پر لگائی گئی ہے۔‘

شیئر: