Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات، کویت اور بحرین سے بری راستے بند

تینوں ممالک کے بری راستوں کو تجارتی ٹرکوں اور ٹرالروں تک محدود کر دیا گیا ہے ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب نے کورونا وائرس کے حوالے سے مزید حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے امارات، کویت اور بحرین سے آنے والے مسافروں کے لیے نئے ضابطے جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان ممالک سے آنے والے مسافر سعودی عرب کے صرف تین ہوائی اڈوں پر اتر سکتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (واس) کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’امارات، کویت اور بحرین سے آنے والی پروازوں کو ریاض کے کنگ خالد انٹر نیشنل ایئر پورٹ، جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ اور دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اترنے دیا جائے گا۔‘
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’تینوں ہوائی اڈوں کے علاوہ مذکورہ ممالک سے آنے والی پروازیں کسی اور ہوائی اڈے پر نہیں اتر سکتیں۔ کویت، امارات اور بحرین کے بری راستے صرف تجارتی ٹرکوں اور ٹرالروں تک محدود ہوں گے۔‘
وزارت نے یہ بھی کہا ہے کہ ’مذکورہ تینوں ممالک سے آنے والے غیر ملکی مسافروں پر بھی یہی ضابطہ نافذ ہوگا جس پر عمل ہفتے کو مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجکر 55 منٹ پر ہوگا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’کویت، امارات اور بحرین سے فضائی راستوں سے آنے والے مسافروں کا اور بری راستے سے آنے والی تجارتی ٹرکوں اور ٹرالروں کے ڈرائیوروں کا ضابطے کے مطابق طبی معائنہ ہوگا۔‘
دوسری طرف بری راستے بند کرنے کے بعد ٹوئٹر صارفین نے سعودی عرب اور کویت کے درمیان بری سرحدی چوکی الرقعی میں مسافر گاڑیوں کو روکنے کی ویڈیو جاری کی ہے جس میں کویت سے آنے والے مسافروں کو دکھایا گیا ہے۔

شیئر: