Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ میں پرندوں کی مارکیٹیں عارضی طورپر بند

پرندوں کی خرید وفروخت روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)
 میئر مکہ  انجنیئرمحمدعبداللہ القویحص نے بلدیہ کے زیر انتظام پرندوں کی مارکیٹوں اور یومیہ بنیاد پرلگنے والے پرندوں کے بازار کو عارضی طورپر بند کرنے کا حکم دیا ہے۔
 ویب نیوز ’سبق‘ نے میئر مکہ کی جانب سے ریجنل بلدیاتی اداروں کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتیاط کے پیش نظرمکہ میں پرندوں کی راویتی مارکیٹوں کو عارضی طور پر بند کر دیا جائے۔
میئر کی جانب سے بلدیاتی اداروں کو مزید کہا گیا ہے کہ ’احتیاط کے طور پر پرندوں کے جمع ہونے والے مقامات پر جراثیم کش ادویات کا سپرے کیاجائے۔‘

 پرندوں کے مقامات پر جراثیم کش ادویات کا  سپرے  کرنے کا حکم دیا گیا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

’ایسے پرندے جن کے بارے میں شبہ ہوکہ وہ انفلووینزا کا شکار ہیں ان سے نجات حاصل کی جائے۔ بلدیہ کی ٹیمیں جامع حکمت عملی کے تحت کام کریں۔‘
میئر مکہ نے بلدیاتی اداروں کو مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’تمام اقسام کے پرندوں کی خرید وفروخت کو عارضی طور پر روک دیا جائے۔‘ 
وزارت پانی و ماحولیات اورزراعت کے تعاون سے جامع حکمت عملی مرتب کرکے اس پر فوری عمل کیا جائے۔

گھریلو جانوروں کو عام جانوروں کے ساتھ باہر نہ رکھا جائے(فوٹو: سوشل میڈیا)

دوسری جانب فیملی میڈیسن کے ماہر ڈاکٹر احمد عبدالملک نے پالتو جانوروں کے حوالے سے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’گھریلو جانوروں سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں، گھروں میں رہنے والے جانوروں سے کورونا وائرس پھیلنے کا اندیشہ نہیں تاہم اس ضمن میں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔‘
گھریلو جانوروں کو عام جانوروں کے ساتھ باہر نہ رکھا جائے تاکہ وہ کسی قسم کے جراثیم سے متاثر نہ ہوں۔ ہاتھوں کو 20 سیکنڈ تک جراثیم کش محلول سے دھویا جائے۔

شیئر: