Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جعلی مصنوعات کی مارکیٹنگ پر دو ویب سائٹس بلاک

مملکت میں جعلی اشیا کی مارکیٹنگ کی جارہی تھی۔( فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی وزارت تجارت نے غیر ملکی آن لائن مارکیٹنگ کرنے والی دو ویب سائٹس کو بلاک کر دیا ہے جن کے ذریعے مملکت میں جعلی مصنوعات کی مارکیٹنگ کی جارہی تھی۔
وزارت تجارت کی جانب سے مارکیٹنگ ویب سائٹس کو نئے نافذ ہونے والے قانون تجارت کے تحت بلاک کیا گیا ہے۔
 ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق بلاک کی جانے والی مارکیٹنگ ویب سائٹ مملکت میں نئے تجارتی قوانین کے خلاف قائم کی گئی تھیں۔ نئے قانون کے مطابق مملکت میں آن لائن مارکیٹنگ کمپنیوں کو وزارت تجارت میں رجسٹرکرانا ہوتا ہے۔

 مارکیٹنگ ویب سائٹس کو نئے قانون تجارت کے تحت بلاک کیا گیا ہے۔(فوٹو: ٹوئٹر)

آن لائن مارکیٹنگ کمپنیوں کے لیے لازمی ہے کہ وہ وزارت تجارت سے لائسنس حاصل کریں اور اپنی تجارتی سرگرمیوں کے علاوہ متعارف کرائی جانے والی مصنوعات کی جملہ تفصیلات وزارت کو مہیا کریں جن کا مطلوبہ معیار کے مطابق ہونا لازمی ہے۔
وزارت تجارت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مملکت میں جعلی اور غیر معروف اشیا کی مارکیٹنگ پر پابندی ہے۔ ایسے کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جاتی ہے۔

آن لائن مارکیٹنگ کے لیے وزارت تجارت سے لائسنس لازمی ہوتا ہے( فوٹو: سوشل میڈیا)

آن لائن مارکیٹنگ کے لیے وزارت تجارت سے لائسنس حاصل کرنا لازمی ہوتا ہےجسے ’سی آر‘ کہا جاتا ہے۔ سی آر کے بغیر آن لائن مارکیٹنگ نہیں کی جاسکتی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ آن لائن کمپنی کے ذریعے مملکت میں معروف برانڈ کی پرفیوم اور دیگر اشیا کی جعلی مصنوعات کو فروخت کیا جارہا تھا۔

شیئر: