Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خیبرپختونخوا کے بعد اب کراچی میں بھی کورونا سے پہلی ہلاکت

سندھ کی وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا افضل پیچوہو نے کراچی میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔
خبیر پختونخوا میں بھی کورونا وائرس سے دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
جمعے کو جاری وڈیو بیان میں وزیر صحت سندھ نے بتایا کہ کراچی کے نجی ہسپتال میں زیرِ علاج 77 برس کا مریض کل رات ہلاک ہوا ہے۔ 
مریض کا تعلق کراچی سے تھا۔
 ڈاکٹر عذرا افضل پیچوہو کا کہنا تھا کہ مریض کی کوئی سفر کی ہسٹری نہیں تھی اور وہ پہلے سے مختلف امراض میں مبتلا تھا۔
ڈاکٹر عذرا افضل نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا مریض کینسر کا شکار رہ چکا تھا اس کے علاوہ شوگر اور ہائپر ٹینشن کے امراض میں بھی مبتلا تھا، تاہم اس کے موت کی وجہ کورونا وائرس بنا۔
صوبائی وزیرِ صحت نے بتایا کہ کراچی میں اس وقت کورونا وائرس کے 83 افراد زیرِ علاج ہیں۔
 ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں اس وائرس کے کیسز کی تعداد اس لیے زیادہ ہے کیوں کہ حکومت لوگوں تک پہنچ رہی ہے اور ان کے ٹیسٹ کر رہی ہے۔
سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 238 ہے، جس میں سے 151 افراد کی نشاندہی سکھر کے قرنطینہ کیمپ میں ہوئی جبکہ 83 افراد اس وقت کراچی کے مختلف ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔


کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد ماسک کی مانگ میں اضافہ ہوا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

اب تک تین افراد صحتیاب ہو چکے ہیں جن میں دو کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: