Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اونچی آواز میں باتیں کرنے پر روس میں 5 افراد قتل

پولیس نے فائرنگ کرنے والے 32 سالہ ملزم کو گرفتار کرلیا ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)
روس میں ایک شخص نے رات کو اپنے گھر کے نیچے اونچی آواز میں باتیں کرنے پر پانچ افراد کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا ہے۔
 فرانسیسی خبر رساں ادارے  اے ایف پی کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ ریاضان ریجن میں پیش آیا جہاں کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاون کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں تک محدود ہیں۔
تفتیش کاروں نے بتایا کہ 'ریاضان ریجن کے چھوٹے سے قصبے ایلتما میں 32 سالہ شخص نے سنیچر کو رات 10 بجے اپنے گھر کی کھڑکیوں کے نیچے سڑک پر اونچی آواز میں باتیں کرنے پر چار نوجوان لڑکوں اور ایک خاتون پر فائرنگ کردی۔'
ایلتما ریاضان شہر کے قریب واقع ہے جو دارالحکومت ماسکو سے 200 کلو میٹر دور ہے۔
معاملے کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے بتایا کہ 'مذکورہ شخص اپنے گھر کی بالکونی میں شور کرنے والوں کو منع کرنے گیا اور وہاں  ان کا جھگڑا ہوگیا جس کے بعد اس نے اپنی رائفل نکال لی۔ فائرنگ کے نتیجے میں تمام افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔'
ملزم جس کی شناخت ابھی ظاہر نہیں کی گئی، کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور پولیس نے اس کے اپارٹمنٹ کی تلاشی کے بعد اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا ہے۔

شیئر: