Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان نے کورونا سے متاثر نجی شعبے کی مدد کی منظوری دیدی

’شاہ سلمان نے نجی شعبے کے متاثرہ اداروں کی مدد کے لیے 5 اہم فیصلے کیے ہیں‘ ( فوٹو: واس)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے کورونا وائرس کے باعث متاثر ہونے والے تجارتی شعبوں کی مدد کے لیے متعدد فیصلوں کی منظوری دی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزیر خزانہ محمد بن عبد اللہ الجدعان نے وائرس کے باعث متاثر ہونے والے شعبوں کی مدد پر شاہ سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کورونا بحران کے باعث زیادہ متاثر ہونے والے نجی شعبوں کی مدد کے لیے مزید امدادی اقدامات کی منظوری سے ملک کی مجموعی معیشت کو تقویت ملے گی‘۔

پانچ اہم فیصوں سے نجی شعبے کے متاثر اداروں کی مدد ہوگی(فوٹو سوشل میڈیا)

وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ ’شاہ سلمان نے نجی شعبے کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں کی مدد، ادائیگیوں کی معافی اور واجبات کی فوری ادائیگی کا حکم دیا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’شاہ سلمان نے اس حوالے سے پانچ اہم فیصلے کیے ہیں جن سے نجی شعبے کے متاثر اداروں کی مدد ہوگی‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’شاہی ہدایت کے مطابق نجی شعبے کے ان کمپنیوں کے واجبات ادا کرنے کے لیے 50 ارب ریال فنڈ مختص کیا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’یہ ان کمپنیوں کے لیے مختص ہوگا جو حکومتی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں یا جن کے حکومت کے ذمے واجبات ہیں‘۔

صحت کے شعبے میں مزید فنڈ مختص کرنے کی ہدایت کی ہے(فوٹو ٹوئٹر)

انہوں نے کہا ہے کہ ’دوسرے فیصلے میں شاہی ہدایت کی گئی ہے کہ تجارتی، صنعتی اور زرعی اداروں کے ذمے بجلی کے بلوں میں 30 فیصد کمی کی جائے گی ‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’بجلی کے بلوں میں کمی دو ماہ اپریل اور مئی کے لیے ہوگی جبکہ ادائیگی سے قاصر اداروں کو مہلت دی جائے گی‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’شاہی ہدایت کے مطابق تیسرا فیصلہ یہ کیا گیا ہے کہ صنعتی اور تجارتی ادارے اگر چاہیں تو انہیں بجلی کے 50 فیصد بل کی ادائیگی کی سہولت دی جائے، یہ اپریل، مئی اور جون کے بجلی کے بل ہوں گے‘۔

زرعی اداروں کے ذمے بجلی کے بلوں میں 30 فیصد کمی ہوگی(فوٹو عاجل)

انہوں نے کہا ہے کہ ’ایسے اداروں کے باقی 50 فیصد بل جنوری سے چھ ماہ کی قسطوں میں لیے جائیں گے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’شاہی ہدایت کے مطابق چوتھا فیصلہ یہ کیا گیا ہے کہ ان افراد کی مدد کی جائے جن کا تعلق ٹرانسپورٹ کے شعبے سے ہے اور جو کسی کمپنی کے تحت کام نہیں کرتے اور وہ جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی میں رجسٹرڈ ہیں اور کورونا بحران کے باعث ان کا کام رک گیا ہے، انہیں کم سے کم تنخواہ کی مقدار جتنی رقم بطور امداد دی جائے‘۔

ان افراد کی مدد کی جائے جن کا تعلق ٹرانسپورٹ کے شعبے سے ہے(فوٹو عرب نیوز)

وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ ’شاہی ہدایت کے مطابق پانچواں فیصلہ یہ کیا گیا ہے کہ کابینہ کے فیصلے کو فعال اور فوری عملدرآمد کیا جائے جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ جن کمپنیوں میں حکومت کے شیئر کا حصہ51 فیصد یا اس سے زیادہ ہے انہیں مقامی مارکیٹ میں ترجیح دی جائے تاکہ مقامی صنعت کو فروغ ملے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’شاہ سلمان نے صحت کے شعبے کے لیے مزید فنڈ مختص کرنے کی ہدایت کی ہے ، اب صحت کے شعبے کے لیے مختص فنڈ کی مقدار 47 ارب ریال تک پہنچ گئی ہے‘۔

شیئر: