Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا بھر میں کورونا کے متاثرین 21 لاکھ کے قریب

سپین میں ایک لاکھ 80 ہزار 659 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور اس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 20 لاکھ 64 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ ایک لاکھ 37 ہزار افراد سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس سے متاثرہ سب سے بڑے ملک امریکہ میں اب تک 30 ہزار 844 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 6 لاکھ 38 ہزار 111 ہے۔
 جان ہاپکنز یونیورسٹی امریکہ کے مطابق صرف ریاست نیو یارک میں 10 ہزار 899 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
یورپ میں اٹلی، سپین اور فرانس وائرس سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ اٹلی میں 21 ہزار 645 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ملک میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار 155 ہے۔

 

اسی طرح سپین میں ایک لاکھ 80 ہزار 659 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 18 ہزار 812 افراد کورونا وائرس کی نذر ہو چکے ہیں۔ فرانس میں 17 ہزار 167 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ وائرس کے متاثرین کی کل تعداد ایک لاکھ 34 ہزار 582 تک پہنچ گئی ہے۔
برطانیہ میں 12 ہزار 868 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد ایک لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔بیلجیئم میں 4 ہزار 440، جرمنی میں 3 ہزار 804 اور ہالینڈ میں 3 ہزار 145 افراد کورونا کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔
سویڈن میں ایک ہزار 203 اور سوئٹزرلینڈ میں ایک ہزار 239 افراد کورونا کی نذر ہو چکے ہیں۔
چین جہاں سے کورونا وائرس کا آغاز ہوا میں 3 ہزار 346 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 83 ہزار 392 ہے۔ایران میں 76 ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس پایا گیا ہے جبکہ 4 ہزار 777 ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔

اٹلی میں 21 ہزار 645 افراد ہلاک ہو چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

ترکی میں ایک ہزار 518 افراد ہلاک ہوئے جبکہ ملک میں متاثرین کی تعداد 70 ہزار کے قریب ہے۔ کینیڈا میں ایک ہزار 10 افراد کورونا سے ہلاک ہوئے ہیں جبکہ وائرس کے مریضوں کی تعداد 28 ہزار 253 ہے۔ 
دوسری جانب صدر ٹرمپ جمعرات کے روز معیشت کو کھولنے کے حوالے سے گورنرز کو گائیڈ لائنز جاری کریں گے۔ وہ معیشت کو کھولنے کے حوالے سے کئی کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں بھی کر چکے ہیں۔
برطانوی  میڈیا کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کی ابتر صورت حال کو دیکھتے ہوئے پابندیوں میں مزید تین ہفتے توسیع کا امکان ہے۔

صدر ٹرمپ معیشت کو کھولنے کے حوالے سے گائیڈ لائنز جاری کریں گے (فوٹو: اے ایف پی)

سی این بی سی کے مطابق برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکاک کا کہنا ہے کہ 'اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لگائی گئی پابندیاں ہٹانا بہت جلدی ہوگی۔'
'اگر پابندیاں ہٹائی جاتی ہیں تو وائرس ایک دم پھر تیزی سے پھیل جائے گا۔'
میٹ ہینکاک کا مزید کہنا تھا کہ 'کورونا کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے اب تک طبی عملے کے 27 ارکان جان کی بازی ہار چکے ہیں۔'
ادھر عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ 'رواں برس ایشیا میں شرح نمو 60 سال کی بدترین سطح پر ہوگی۔'

شیئر: