Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: کورونا کے مریضوں کے لیے روبوٹ کی خدمات

جدہ کے کنگ عبداللہ میڈیکل کمپلیکس میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی صحت کی نگرانی کے لیے میڈیکل روبوٹ کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔
عرب نیوز میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق اس روبوٹ میں ہائی ٹیکنالوجی سسٹم ہے جس کےاستعمال سے کورونا وائرس کے مشتبہ مریض کا ٹیسٹ اور تشخیص کی جارہی ہے۔

روبوٹ میں خصوصی کیمرے استعمال کئے گئے ہیں (فوٹو ٹوئٹر)

روبوٹ کے استعمال کا مقصد ہسپتال کے عملے یا دیگر افراد میں کورونا وائرس کے پھیلاو کو ممکنہ حد تک روکنا ہے۔
روبوٹ میں طبی آلات کا استعمال کیا گیا ہے جس سے وائرس میں مبتلا مریض کے جسم کا درجہ حرارت اور دیگر ٹیسٹ کے لیے عام طبی آلات کے استعمال کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
سٹیتھوسکوپ کی بجائےاس روبوٹ میں آنکھ اور کان کے ذریعے معائنہ کرنے کے لیے خصوصی کیمرے استعمال کئے گئے ہیں۔

مریض کو چھوئے بغیر روبوٹ سے تحقیق کا کام لیا جاسکتا ہے(فوٹو سعودی گزٹ)

روبوٹ ایسی ڈیوائس بھی استعمال کر رہا ہے جو نرسنگ سٹاف کو متاثرہ مریض کی مجموعی صورتحال کے بارے میں آگاہ رکھتی ہیں۔
ریڈیوگرافک امیجز کے ساتھ طبی مشاورت کی فراہمی، دیگر علامات کو جانچنے میں روبوٹ کے ذریعے مدد لی جا رہی ہے۔
سمارٹ فون پر اپیلی کیشن کا استعمال کر کے کسی بھی مقام سے مریض کی مکمل فائل اور صورتحال پر نظر رکھی جا سکتی ہے۔

ریڈیوگرافک امیجز  سے علامات  جانچنے میں مدد لی جا رہی ہے(فوٹو عرب نیوز)

میڈیکل یا نرسنگ عملہ ہسپتال کے اندر یا باہر کسی بھی جگہ سے بہترین طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے تیزی سے رابطہ کر سکتا ہے۔
روبوٹ کے استعمال کا مقصد نرسنگ عملے کے علاوہ دیگر مریضوں کو بھی کورونا وائرس سے بچاو اور حفاظتی اقدامات کے تحت مریضوں کو طبی آلات اور دستیاب ادویہ کی فراہمی ہے۔
کنگ عبداللہ میڈیکل کمپلیکس کے جنرل سپروائزر ڈاکٹر خالد الصومالی نے بتایا ہے کہ روبوٹ میں ایسی ہائی ریزولیشن لینس اور میڈیکل ڈیوائس نصب ہیں جس کے ذریعے مریض کو چھوئے بغیر سٹیتھوسکوپ، آٹو سکوپ اور آئی کیمروں کا کام لیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس روبوٹ  میں دوسرے ٹولز بھی ہیں جن سے مرض کی علامات پڑھنے، محفوظ فاصلے سے جانچ، ریڈیوگرافی کی تصاویراور تشخیص کے بعد مریضوں کو طبی مشوروں کی سہولت ہے۔
اس ٹیکنالوجی کے استعمال سے وقت کی بچت کے ساتھ زیادہ تیزی سے اعلی طبی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔
  • سعودی عرب کی خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: