Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وائرس سے مزید سات افراد ہلاک

کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 113 افراد صحت یاب ہوئے(فوٹو، سوشل میڈیا)
سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 'گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے مزید سات افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ایک ہزار ایک سو اٹھاون افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ 
سعودی وزارت صحت کے مرکزی ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 13ہزار 930 تک پہنچ گئی ہے۔'جن افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ان میں 15 فیصد سعودی جبکہ 85 فیصد غیر ملکی شامل ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ وبائی مرض سے گذشتہ 24 گھنٹوں میں 7 مزید افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد اب تک کورونا وائرس سے  ہلاک ہونے والوں کی تعداد 121 تک پہنچ گئی ہے۔'

وزارت صحت نے اردوسمیت مختلف زبانوں میں  کورونا آگاہی پروگرام شروع کیا  ہے(فوٹو، ایس پی اے)

جمعرات  کو جاری ہونے والے اعداد وشمارکے مطابق کووڈ 19 کے سب سے زیادہ 293 مریضوں کی تصدیق مدینہ میں ہوئی۔
مکہ میں 209، جدہ میں208، ریاض 157، الھفوف 78، دمام 43 ، الجبیل 40، طائف 32 ، الخبر 28 ، عنیزہ 13، الکیریہ میں 11 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ 
 تبوک میں 10 ، حائل 9 ، الھدا 5 ، رابغ 5 ، ینبع 4  اور ابھا ، القطیف ، الظھران ، الباحہ، عرعر،نجران ، العقیق، الدرعیہ ، حفر الباطن ، الخرمہ ، ام الدوم ، المندق اور وادی الفرع میں ایک ، ایک مریض کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے میں 113 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد اب تک اس مرض سے شفایاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد ایک ہزار925 ہو گئی ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے زیادہ سے زیادہ وقت گھروں میں رہیں، ہاتھوں کواچھی طرح صابن سے دھوئیں۔ اگر گھر سے باہر ہوں تو جراثیم کش محلول سے ہاتھوں کو صاف کریں۔'

 کورونا کے بارے میں معلومات کے لیے 937 پرکال کی جا سکتی ہے(فوٹو، سوشل میڈیا)

ترجمان صحت کا کہنا تھا کہ تمام شہروں میں کرفیو لوگوں کی حفاظت کےلیے لگایا گیا ہے اس کی پابندی کریں تاکہ خود کو اور اپنے اہل خانہ کو کورونا سے محفوظ رکھ سکیں۔
یاد رہے وزارت صحت کی جانب سے اردو سمیت مختلف زبانوں میں کورونا سے محفوظ رہنے کےلیے آگاہی پیغامات کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اگر تیز بخار ، خشک کھانسی وغیرہ ہو تو فوری طور پر وزارت صحت کے ٹول فری نمبر937 پر رابطہ کر کے اطلاع دیں۔

شیئر: