Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ مصری حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں‘

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صحرائے سینا میں دہشتگردانہ حملے میں جانی نقصان پر مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے-
 واضح رہے کہ شمالی سینا میں دہشتگردانہ حملے سے مصری فوج کے 10 اہلکار ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے.
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان نے مصری صدر کے نام تعزیتی پیغام  بھیجا ہے. انہوں نے کہا کہ ’ شمالی سینا دہشتگردانہ حملے کی اطلاع پر دلی رنج و ملال ہوا- اس مجرمانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اس سانحہ سے جس طرح آپ کو دکھ ہوا ہے ہم بھی آپ کے  دکھ میں برابر کے شریک ہیں‘.
شاہ سلمان نے  سعودی عوام و حکومت اور خود اپنی جانب سے  مصری عوام و حکومت اور جاں بحق ہونے والوں کے اعزہ سے دلی ہمدردی اور گہرے رنج و ملال کا اظہار کیا. 


شاہ سلمان اور ولی عہد نے مصری صدر کو تعزیتی پیغام بھیجے ہیں(فوٹو سبق)

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی مصری صدر کے  نام تعزیتی پیغام ارسال کرکے دلی رنج و ملال کا اظہار کیا.
دونوں سعودی رہنماؤں نے آزمائش کی اس گھڑی میں مصری صدر کو یقین دلایا کہ وہ مصری حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں.
الامارات الیوم کے مطابق مصر ی مسلح افواج کےبیان کے مطابق بکتر بند گاڑی میں دھماکے سے 10 مصری فوجی ہلاک وزخمی ہوگئے. یہ واقعہ شمالی سینا میں پیش آیا.
داعش نے یکم مئی جمعے کو ہونے والے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے.
مصرکی فوج اور پولیس کے سیکڑوں افراد شمالی سینا میں شدت پسند گروپوں کے ہاتھوں ہلاک ہوچکے ہیں.
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: